Kanz e Aza

گلے نہ ملو گے

A noha written by Samar Zaidi. Lyrics in Urdu.

نکلا جو خیمہ گاہ سے لیلیٰ کا مہرو

بیٹی علی کی اشکوں سے کرنے لگی وضو

لہرا رہی تھی برچھیاں مقتل میں چار سُو

اکبر سے کہہ رہے تھے شاہِ تشنئہ گُلو

جو حال دل کا ہے نہ سُنو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ ملو گے حسین سے


تم جا رہے ہو چلتی ہیں سینے پہ برچھیاں

کس طرح جانے دوں تمہیں نیزوں کے درمیاں

آئے نہ زخم چاند سے سینے پہ میری جاں

جانِ پدر دعا بھی نہ لو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ۔۔۔


جاتے ہو جائو تم کو مگر یہ رہے خیال

سینے کے سامنے سے نہ ہر گز ہٹے یہ ڈھال

نیزے کوئی کلیجے پہ آئے نہ میرے لال

تم حالِ دل بھی کہہ نہ سکو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ۔۔۔


تنہا ہو تم یہاں تو وہاں لاکھوں اشقیائ

پیاسی تمہاری خون کی ہے بانیئے جفا

اک شور ہے کے آتا ہے ہمشکلِ مصطفیٰ

اے چاند بدلیوں میں چھُپو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ۔۔۔


خیمے کا پردہ اُٹھتا ہے گرتا ہے بار بار

کس طرح آئے ماں کو پھوپھی کو تیری قرار

چوکھٹ پہ بیٹھی صغریٰ بھی کرتی ہے انتظار

ہم خط میں کیا لکھیں نہ کہو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ۔۔۔


تم اپنے ساتھ باپ کی بینائی لے چلے

قوت کمر کی پہلے ہی عباس لے گئے

بیٹا غریب باپ بھلا کس طرح جیئے

تم بھی نگاہیں پھیر چلو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ۔۔۔


سینہ پسر کا چوم کے شبیر رو دیئے

اکبر پُکارے یوں میرے بابا نہ روئیے

آتا ہوں لوٹ کر ابھی خیمے میں جائیے

کیوں کہہ رہے ہو مل نہ سکو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ۔۔۔


برچھی جگر پہ کھا کے جو اکبر گزر گئے

شہہ کہتے تھے ثمر یہی لاشِ جوان سے

تم بھی پدر سے جاتے ہو اے لال روٹھ کے

سینے سے کیا نہ اُٹھ کے لگو گے حسین سے

جاتے ہوئے گلے نہ۔۔۔