Kanz e Aza

لے چل حسین کو

A noha written by Akhtar Sirsvi. Lyrics in Urdu.

ہمت نہ ہارنا ابھی


رہوار ایک نشیب میں لے چل حسین کو

زینب نہ دیکھ لے سر مقتل حسین کو


اس وقت ہے بدن پہ میرے زخم بے شمار

ہمشیر کی نگاہ نہ پڑ جائے ہوشیار

آ جائے گی تڑپ کے بہن سوے کار زار

یہ فکر کھا رہی ہے مسلسل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


مقتل میں موت زخمی بدن کے قریب ہے

یاسین کب سے پیاسے دہن کے قریب ہے

زہرا کا چاند رَن میں گہن کے قریب ہے

گھیرے ہوئے ہے فوج کا بادل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


آقا کی بیکسی پہ نہ دل کو ملول کر

اے ذولجناح آخری زحمت قبول کر

مجھکو بہن کی سمت نہ لے جانا بھول کر

تڑپا رہی ہے تیروں کی ہلچل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


غربت میں کیا حسین تجھے راہوار دے

تجھکو صلہ وفاؤں کا پروردگار دے

بستی میں جا کے پشت سے اپنی اتار دے

دینا ہے امتحان مکمل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


خنجر لعین سوکھے گلے پر چلاے گا

تن پر میرے لباس تلک بچ نہ پائے گا

میری بہن سے حال یہ دیکھا نہ جائے گا

آتا ہے یہ خیال ہر ایک پل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


ٹوٹی ہوئی کمر میں قیامت کا درد ہے

کب سے بھری ہوئی میرے زخموں میں گرد ہے

چہرہ تمام پیاس کی شدت سے زرد ہے

مل جائے ماں کا دھوپ میں آنچل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


وقتِ قضا کچھ اور میری فکر بڑھ گیء

زینب تلاش کرنے بلندی پہ چڑھ گیء

مر جائے گی نظر جو کہیں مجھ پہ پڑ گیء

آغوش میں چھپا لے اے جنگل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


زخمی حسین سوچ رہے ہیں سپاہ میں

سر سے ردا کو پھینک کے بھائی کی چاہ میں

گھبرا کے آ نہ جائے بہن قتل گاہ میں

مشکل کا اب بتا دے کوی حل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔


دشمن خزاں تھی عامر و اختر بہار کی

تکتا تھا ذولجناح بھی صورت سوار کی

گردن پہ جھک کے کہتے شہ راہوار کی

کر دے بہن کی آنکھوں سے اوجھل حسین کو

رہوار ایک نشیب میں۔۔۔