Kanz e Aza

فریاد ہے فریاد

A noha written by Sahir (2026). Lyrics in Urdu.

کرتی تھی یہ رو رو کے فغاں زینب ناشاد

فریاد ہے فریاد


پردیس میں زہرا کا بھرا گھر ہوا برباد

فریاد ہے فریاد


برچھی کی انی سینۂ اکبر میں لگی ہے

کیا ماں پہ بنی ہے

تصویر نبی رن میں ہوئی جاتی ہے برباد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


زینت کے لئے ڈالے ہیں گردن میں جو قرآن

صورت کے مسلماں

ہم‌ آل پیمبر ہیں انہیں یہ بھی نہیں یاد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


کیا کیا نہ مصائب ہوے کیا کیا نہ سہے غم

جب قید ہوئے ہم

ہر گام پر ایک تازہ ستم ایک نیء افتاد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


پردیس میں ہم اہلِ حرم ایسے لٹے ہیں

سر ننگے پھرے ہیں

رک جاتے تو دیتے تھے اذیت ستم ایجاد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


تپتی ہوئی صحرا کی زمیں راہ میں کانٹے

اور پیروں میں چھالے

غش کھا کے نہ گر جائے کہیں سید سجاد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


اب عون و محمد ہے نہ عباس نہ اکبر

قاسم ہے نہ اصغر

ہر ایک نے گھر چھوڑ کے مقتل کیا آباد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


روتی تھی سکینہ جو کبھی غم سے بلک کر

ہو جاتا تھا محشر

گالوں پہ لگاتے تھے طمانچے ستم ایجاد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


گھبراتی تھی زنداں کے اندھیرے میں سکینہ

دشوار تھا جینا

اب قید میں سوتی ہے وہی بیکس و ناشاد

فریاد ہے فریاد۔۔۔


ساہر غم شبیر میں آنسوں نہ رکیں گے

تا حشر بہیں گے

اب ہم کو نہیں کچھ بھی مصایب کے سوا یاد

فریاد ہے فریاد۔۔۔