Kanz e Aza

ہمشیر کو چادر

A noha written by Ali Jaweed Maqsood. Lyrics in Urdu.

ہمشیر کو چادر ہے نہ بھای کو کفن ہے

شبیر سا بھای ہے نہ زینب سی بہن ہے


کس ظلم سے مارا گیا زہرا کا دلارا

سر نیزے پر اور ریت پہ مجروح بدن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


جس کے لئے آتی رہی جنت سے قباییں

لاشہ اسی مظلوم کا محتاج کفن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


بے دست ہوا نہر پر عباس دلاور

یوں زینب دلگیر کی ہاتھوں میں رسن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


ٹکڑے ہوی میدان میں تصویر پیمبر

پیغمبرِ اِسلام کا صد پارہ بدن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


اب کوئی نہیں ناز اٹھانے کو سکینہ

بس جور و جفا ظلم و ستم رنج و محن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


بکھرا ہوا مقتل میں ہے اک رات کا دولہا

بیوہ جو بنی ہے وہی اک شب کی دولہن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


پیاسا تھا دم قتل جو چھ ماہ کے سن میں

اصغر سا زمانے میں کوئی تشنہ دہن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


مانجاے نے سر دے دیا مانجای نے چادر

ایثار محمد کے گھرانے کا چلن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


کانوں کا لہو جس پہ ہے دروں کے نشاں ہیں

کرتہ وہی معصوم سکینہ کا کفن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔


آتی ہے در و بام سے رونے کی صداییں

جاوید بڑا درد بھرا تیرا سخن ہے

ہمشیر کو چادر ہے۔۔۔