Kanz e Aza

کیا میرے جواں لال

A noha written by Mir Takallum. Lyrics in Urdu.

جیتی ہے وہ ماں جس کے گزر جانے کے دن تھے

کیا میرے جواں لال کے مر جانے کے دن تھے


تھی جو ہمارے گھر میں نشانی رسول کی

زینب ردا میں اپنے جسے پالتی رہی

اٹھ اٹھ کے جسکو چومتے رہتے تھے رات بھر

شبیر جی رہے تھے جسے دیکھ دیکھ کر

اس چہرے کے کیا خاک میں بھر جانے کے دن تھے

...کیا میرے جواں


پیاسے کو مار کر بھی نہ ظالم نے دم لیا

سر اسکا میرے سامنے اس نے قلم کیا

آرام تھوڑی دیر بھی پایا نہ خاک پر

پھر سے شروع ہو گیا اس لال کا سفر

بازار میں کب چاند سا سر جانے کے دن تھے

...کیا میرے جواں


آیا یہ جب جہاں میں پھپھی نے خوشی خوشی

آزاد اک کنیز تھی کی شیرین نام کی

اور ساتھ ساتھ یہ بھی کہا تھا نہ فکر کر

بارات لے کے آؤنگی اس کی میں تیرے گھر

پہنچا وہاں نہ اسکے جدھر جانے کے دن تھے

...کیا میرے جواں


لگ جائے نہ نظر میرے یوسف جمال کو

دیکھا نظر نہ بھر کے کبھی اپنے لال کو

ہے گیسوؤں میں خاک کوءی صاف تو کرو

زینب کی میں کنیز ہوں انصاف تو کرو

برچی کہاں وہ دل میں اتر جانے کے دن تھے

...کیا میرے جواں


نازک بدن پہ زخم نہ آنے دیا کبھی

میں نے نہ اسکو دھوپ میں جانے دیا کبھی

نیزے پہ سر ہے آج بدن جلتی ریت پر

پردیس میں یہ آکے نہیں تھی مجھے خبر

محنت کی کمائی یوں بکھر جانے کے دن تھے

...کیا میرے جواں


وعدہ کیا تھا سر پہ جو سہرا سجاؤں گا

گھبرا نہ صغرا میں تجھے لینے کو آؤنگا

دہلیز پر ہے بیٹھی تکلم وہ غم گسار

چھ ماہ سے ہے اسکو برادر کا انتظار

پردیس سے یہ لوٹ کے گھر جانے کے دن تھے

...کیا میرے جواں