زمین کربلا پہ دل تڑپتا چھوڑ آیا ہوں
غمِ شبیر میں روتا بلکتا چھوڑ آیا ہوں
مجھے محسوس ہوتا ہے سر میدان میں جیسے
سکینہ کو اندھیرے میں سسکتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔
ضعیفی میں اٹھاے شاہ تو لاشے علی اکبر
کبھی گرتا کبھی پھر سے سنبھلتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔
دھواں پھیلا ہوا ہر سوں تھا شام غریباں میں
میں ایک بیمار کا بستر دہکتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔
گلوے اصغر بے شیر کو ہاتھوں پہ سید کے
میں رن میں تیر سہہ پل سے الجھتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔
شب غربت میں مادر ڈھونڈتی تھی گمشدہ بچے
اسے تاریک جنگل میں بھٹکتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔
جسے مادر کی تربت پہ علی شب میں تھے لے جاتے
اسے بازار سے دن میں گزرتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔
صدا ھل من کی اب ہر پل مجھے واپس بلاتی ہے
علی کے لال کو تنہا میں لڑتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔
بہت دشوار تھا کربوبلا کو الوداع کہنا
رواں سانسوں کو سینے میں اٹکتا چھوڑ آیا ہوں
زمین کربلا پہ۔۔۔