زمین گرم پہ لاشہ پڑا ہے اکبر کا
سلام رخصت آخر حسین تک پہنچا
ہے سخت عالم غربت میں لال زہرا کا
کوئی نہیں جو بتاے کہ ہے کہاں لاشہ
حسین ڈھونڈ رہے ہیں پسر نہیں ملتا
زمین گرم پہ۔۔۔
ضعیف باپ کی نظریں جوان کا لاشہ
ہے غم سے سرخ حسین غریب کا چہرہ
سرہانے بیٹھ کے پیہم یہ دے رہے ہیں صدا
حسین آیا ہے ملنے جواب دو بیٹا
زمین گرم پہ۔۔۔
خدا ہی جانے کہ شبیر کتنے ہیں بے آس
نہ کوئی بھائی نہ بیٹا ہے اب غریب کے پاس
شدید دھوپ میں رہ رہ کے بڑھ رہی ہے پیاس
حسین کتنے ہیں تنہا بچھڑ گےء عباس
زمین گرم پہ۔۔۔
نہ جانے سکتے میں کیا سوچتا ہے دل ماں کا
جوان بیٹے کا کیا حال ہے سنو لیلیٰ
نکالا بیٹے کے سینے سے شہ نے جب نیزہ
لہو میں غرق ہے لاشہ تمہارے بیٹے کا
زمین گرم پہ۔۔۔
جگر کو تھامے تڑپتی ہے زینب مضطر
زمیں پہ بیٹھی ہے سکتے میں غمزدہ مادر
یہ سوچتی ہے کہاں کھو گیا میرا دلبر
نظر کے سامنے ہے صرف صورت اکبر
زمین گرم پہ۔۔۔
ہے خیمہ گاہ میں ہر سمت حشر کا ساماں
شبیہ حسن پیمبر تھا اکبر زیشاں
بہن کے دل میں تھا بھای کے بیاہ کا ارماں
سکینہ کہتی ہے بھیا کہاں گےء اماں
زمین گرم پہ۔۔۔
کلیجہ دیکھ کے بیٹے کا دل تڑپتا تھا
حسین دیکھتے تھے اور گھر اجڑتا تھا
تھا آفتاب فلک پہ ابھی اجالا تھا
مگر حسین کی آنکھوں میں بس اندھیرا تھا
زمین گرم پہ۔۔۔
قدم حسین کے اختر زمانہ چومے گا
مقام عرش پہ دیکھے گی صبر کو دنیا
رہے گا لب پہ فضاؤں کے ہر گھڑی نوحہ
حسین اٹھاییں گے لاشہ جوان بیٹے کا
زمین گرم پہ۔۔۔