Kanz e Aza

زینب کا یہ نوحہ

A noha written by Ashraf. Lyrics in Urdu.

زینب کا یہ نوحہ تھا تم لوٹ کے آ جائو

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو


اب شامِ غریباں کے آثار نمایاں ہیں

اس دشتِ مُصیبت میں گھر لوٹنے کے ساماں ہیں

کچھ تم کو خبر دی ہے ہم جتنے پریشاں ہیں

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو

زینب کا یہ نوحہ ۔۔۔


جب شام ہوئی بن میں یہ بین تھے زینب کے

خیموں کو جلانے کے ہوتے ہیں یہاں چرچے

تم شمر سے یہ کہہ دوچادر نہ میری چھینے

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو

زینب کا یہ نوحہ ۔۔۔


لو فوجِ یزیدی نے خیموں کو جلا ڈالا

لو جلنے لگا کُرتا معصوم سکینہ کا

فریاد غریبوں کی کوئی بھی نہیں سُنتا

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو

زینب کا یہ نوحہ ۔۔۔


اب چھین لی اعدا نے اے بھائی میری چادر

اس عالمِ غربت میں ہے خاک میرے سر پر

تم میرے محافظ ہو بتلا دو انہیں آ کر

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو

زینب کا یہ نوحہ ۔۔۔


میں اکیلی ہوں تم آ کے ذرا دیکھو

کس طرح سنبھا لوں گی سہمے ہوئے بچوں کو

اے بھائی میرے آ کر زینب کو سہارا دو

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو

زینب کا یہ نوحہ ۔۔۔


عباس نہیں آئے دُکھ سہتی رہی زینب

عباس نہیں آئے روتی ہی رہی زینب

عباس نہیں آئے یہ کہتی رہی زینب

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو

زینب کا یہ نوحہ ۔۔۔


سرور کے محبوں میں محشر ہے بپا اشرف

سر پیٹتے ہیںرو کر سب اہلِ اعزا اشرف

کانوں میں جو آتی ہے زینب کی صدا اشرف

عباس میرے بھیا تم لوٹ کے آ جائو

زینب کا یہ نوحہ ۔۔۔