Kanz e Aza

زرا بڑھ کے دیکھو

A noha written by Hasan Imdad. Lyrics in Urdu.

محبت کی وادی میں لٹتا لٹاتا

مصائب کی دنیا میں پھرتا پھراتا

نقاہت سے ہر گام پر ڈگمگاتا

سنبھالے ہوئے بیڑیاں لڑکھڑاتا

مظالم کے طوفان سے ٹکراتا رہا ہے

زرا بڑھ کے دیکھو یہ کون آ رہا ہے


یہ کس کے ہیں نیزوں پہ سر آگے آ گے

جو اب بھی ہے سینہ سپر آگے آگے

ستارے ہیں پیچھے قمر آ گے آگے

بہتر چراغ ہمسفر آ گے آ گے

سواد سر شام تھرا رہا ہے

زرا بڑھ کے دیکھو۔۔۔


مکمل مصایب کے سانچے میں ڈھل کے

ہدایت کی راہوں میں کانٹوں پہ چل کے

فقط یہ نہیں کہ کیا صبر بلکہ

زرا صبر کی حد سے باہر نکل کے

امامت کی طاقت کو دکھلا رہا ہے

زرا بڑھ کے دیکھو۔۔۔


ستاتے ہیں بے حد یہ پاؤں کے چھالے

اور ان میں وہ کانٹے کے جیسے ہو بھالے

مگر کیا کرے کیسے ان کو نکالے

یہ کانٹے نکالے کہ لنگر سنبھالے

ترس بھی تو کوئی نہیں کھا رہا ہے

زرا بڑھ کے دیکھو۔۔۔


عرق ریضما تھا شکن در شکن ہے

لبوں کی خموشی سخن در سخن ہے

کلای تو دیکھو رسن در رسن ہے

مگر پھر بھی یہ گل چمن در چمن ہے

جو آج اپنی خوشبو کو پھیلا رہا ہے

زرا بڑھ کے دیکھو۔۔۔


یہ امت کے ہاتھوں ستایا گیا ہے

یہ قیدی نہیں ہے بنایا گیا ہے

یہ باغی نہیں ہے بتایا گیا ہے

اسے سوے دربار لایا گیا ہے

یہ حق ہے کہ باطل سے ٹکرا رہا ہے

زرا بڑھ کے دیکھو۔۔۔