جو شامل بزمِ غمِ شبیر نہیں ہے
حاصل اُسے ایمان کی جاگیر نہیں ہے
قربانیِ شبیر ہٹا دو تو یہ اسلام
وہ خواب ہے جس خواب کی تعبیر نہیں ہے
جو شامل بزمِ۔۔۔
بے حُبِ علی سجدے ہیں یوں میری نظر میں
گویا تو ہے قرآن کی تفسیر نہیں ہے
جو شامل بزمِ۔۔۔
بیمار کے پائوں کی طرف دیکھنے والو
اسلام کا لنگر ہے یہ زنجیر نہیں ہے
جو شامل بزمِ۔۔۔
اے کوفیو بے پردہ ہے یہ حُرمتِ اسلام
بے پردہ یہاں زینبِ دلگیر نہیں ہے
جو شامل بزمِ۔۔۔
بانو نے یہ عاشور کی شب خواب میں دیکھا
جھُولے میں میرا اصغرِ بے شیر نہیں ہے
جو شامل بزمِ۔۔۔
اصغر کی شہادت نے کیا ظلم کو رُسوا
اب ترکشِ اعدا میں کوئی تیر نہیں ہے
جو شامل بزمِ۔۔۔
جس میں نہ روانی ہو نہ ہو شوکتِ الفاظ
محشر وہ تیرے ہاتھ کی تحریر نہیں ہے
جو شامل بزمِ۔۔۔