Kanz e Aza

ہاے حسین واویلا

A noha written by Ali Jaweed Maqsood. Lyrics in Urdu.

ہاے حسین واویلا


خون سے مقتل لال ہوا ہے

ابنِ حسن پامال ہوا ہے

لاشے کا کیا حال ہوا ہے

ٹکڑے ٹکڑے ہوا دولہا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


نورِ نظر گھوڑے سے گرا ہے

شہ نے کمر کو تھام لیا ہے

باپ پسر کو ڈھونڈ رہا ہے

ہنستے ہیں سب اہلِ جفا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


لاش جواں سینے سے لگا کر

لاتے ہیں میدان سے سرور

دیکھ رہی ہے ماں یہ منظر

غم سے نہ مر جاۓ لیلیٰ

ہاے حسین واویلا۔۔۔


جان حزیں پر جور و ستم ہے

داغ پسر بھای کا الم ہے

آنکھیں پر خون دل پر نم ہے

ہاتھوں پہ اصغر کا لاشہ

ہاے حسین واویلا۔۔۔


گھیرے ہے بیکس کو ستمگر

پاس نہیں عباس دلاور

کوئی نہیں مظلوم کا یاور

کس کو دل شبیر صدا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


دل میں بسی ہے یاد سکینہ

موت کا ہے ماتھے پہ پسینہ

پیاس کی شدت جلتا سینہ

یاد ہے دکھیا کا رونا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


گونج رہی زہرا کی فغاں ہے

تیغوں میں احمد کا نشاں ہے

ہاے میرا عباس کہاں ہے

پیاسے کا کٹتا ہے گلا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


زخموں سے سب خوں رواں ہے

دل میں غم فرزند جواں ہے

پیاسے کے آنکھوں میں دھواں ہے

گھیرے ہیں لشکر اعدا کا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


تپتا مقتل جلتی زمیں ہے

خالق کے سجدے میں جبیں ہے

یاور و ناصر کوی نہیں ہے

تیغ تلے پیاسے کا گلا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


جان علی بے گور و کفن ہے

زینب کے بازو میں رسن ہے

بلوے میں سرور کی بہن ہے

آل نبی ہے بے پردہ

ہاے حسین واویلا۔۔۔


پیاسی ہے اولاد پیمبر

اعدا کا سیراب ہے لشکر

پیاسی سکینہ پیاسا اصغر

سامنے بہتا ہے دریا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


کرنا ہے مظلوم کی نصرت

لازم ہے سرور کی اطاعت

ایک ہے بس امید شفاعت

ماتم کر لو بیکس کا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


سرور کا غم دل میں بسا ہے

دھڑکن کیا ہے آہ و بکا ہے

مجلس غم زینب کی عطا ہے

ماتم ہے زہرا کی دعا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


پروانے شبیر کے ہیں ہم

ساتھ لیےء عباس کا پرچم

کرتے ہے پیاسوں کا ماتم

دیتے ہیں زہرا کو پرسہ

ہاے حسین واویلا۔۔۔


ہوتا ہے جب شبیر کا ماتم

غم سے لرز جاتے ہیں دو عالم

کربوبلا کے رن سے پیہم

آتی ہے ھل من کی صدا

ہاے حسین واویلا۔۔۔


زندہ ہے جاوید یونہی ہم

اپنا جینا سرور کا غم

نام علی ہر زخم کا مرحم

حاصل ہے زہرا کی دعا

ہاے حسین واویلا۔۔۔