Kanz e Aza

علقمہ تیرے کنارے

A noha written by Zulfiqar Ahmed. Lyrics in Urdu.

علقمہ تیرے کنارے سو گیا غازی میرا

تھا بھروسہ جس پہ مجھ کو وہ برادر چل بسا


جاگتے تھے جس کے در سے اشقیانِ بد گوہر

ہاتھ کٹوا کر وہ بھائی چین سے اب سو گیا

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔


جب چھِدی مشکِ سکینہ خون بہا عباس کا

شیر نے پھر اپنا رُخ دریا کی جانب کر لیا

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔


پھینک کر کُوزے کو یہ بولی سکینہ دلفگار

پیاس کا شکوہ نہیں اب لوٹ کر آئو چچا

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔


تھام کر اپنی ردا کو بولی یہ شہہ کی بہن

پاسباں پردے کا میرے باوفا مارا گیا

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔


جب کہا عباس نے آقا میرا لیجیئے سلام

تھام کر اپنی کمر کو روتے تھے شاہِ ھُدیٰ

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔


مشک پہ رُخسار رکھ کر سو گیا وہ باوفا

موت بھی اُس کو بھتیجی سے نہ کر پائی جدا

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔


اشک میں بالی سکینہ کے نظر آئی شبیہ

اک نیا سا آشیانہ بن گیا عباس کا

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔


اس لیے غمگین ہے اے احمدجریِ باوفا

پیاسے بچوں تک حسن وہ پانی نہ لے جا سکا

علقمہ تیرے کنارے ۔۔۔