آج شبیر پہ کیا عالم تنہائی ہے
ظلم کی چاند پہ زہرا کے گھٹا چھائی ہے
اس طرف لشکر اعدا میں صف آرائی ہے
یاں نہ بیٹا نہ بھتیجا نہ کوی بھائی ہے
برچھیاں کھاتے چلے جاتے ہے تلواروں میں
مار لو پیاسے کو ہے شور ستمگاروں میں
زخمی بازو ہے کمر خم ہے بدن میں نہیں تاب
ڈگمگاتے ہیں نکل جاتی ہے قدموں سے رکاب
پیاس کا غلبہ ہے لب خشک ہے آنکھیں پر آب
تیغ سے دیتے ہے ہر وار کا اعدا کو جواب
شدت ضعف میں جس جا پہ ٹہر جاتے ہیں
سیکڑوں تیر ستم تن سے گزر جاتے ہیں
گیسوں آلودہ خون لپٹے ہیں رخساروں سے
شانے کٹ کٹ کے لٹک آے ہیں تلواروں سے
تیر پیوست ہے خون بہتا ہے سفاروں سے
لاکھ آفت میں ہے ایک جان دل اعزاروں سے
فکر ہے سجدۂ معبود میں سر دینے کی
وار سے تیغوں کے فرست نہیں دم لینے کی
خوں سے پیچ عمامے کے ہے سر زخمی ہے
ہے جبیں چاند سی پر نور مگر زخمی ہے
سینہ سب برچھیوں سے تا بہ کمر زخمی ہے
تیر بیداد سے دل زخمی جگر زخمی ہے
ضرب شمشیر سے بیکار ہے بازو دونوں
ظلم کے تیروں سے مجروح ہے پہلو دونوں
برچھی آ کر کوی پہلو میں لگا جاتا ہے
مارتا ہے کوی نیزہ تو غش آ جاتا ہے
بڑھتے ہیں زخم بدن زور گھٹا جاتا ہے
بند آنکھیں ہے سر پاک جھکا جاتا ہے
گرد زہرا و علی گریہ کناں پھرتے ہیں
غل ہے گھوڑے سے امام دو جہاں گرتے ہیں
گرتے ہیں خطرہء خوں زخم جبیں سے پیہم
دست مجروح سے کھینچ سکتے نہیں تیر ستم
فکر ہے بخشش امت کی کچھ اپنا نہیں غم
کرتے ہیں شکر خدا خشک زباں سے ہر دم
ہے عبا تیروں سے غرباں قبا گلگوں ہے
ہونٹ یا وقت سے زخمی ہے دہن پر خوں ہے
زیں سے ہوتا ہے جدا دوش محمد کا مکیں
چمن فاطمہ کا سرد ہے مایل با زمیں
برچھیاں گرد ہے بیچ میں ہے سرور دیں
ہے یہ نزدیک گرے مہر نبوت کا نگیں
پاؤں ہر بات رکابوں سے نکل جاتے ہیں
یا علی کہتی ہے زینب تو سنبھل جاتے ہیں
لاکھ تلواریں ہیں اور ایک تن اطہر ہے
ایک مظلوم ہے اور ظالموں کا لشکر ہے
سیکڑوں خنجر فولاد ہے اور ایک سر ہے
نہ کوئی یار نہ ہمدم نہ کوئی یاور ہے
باگ گھوڑے کی لٹکتی ہے اٹھا سکتے نہیں
سامنے أہل حرم روتے ہے جا سکتے نہیں
کوئی سید کا نہیں آہ بچانے والا
حرب لاکھوں ہیں اور ایک زخم اٹھانے والا
پیاس میں کوئی نہیں پانی پلانے والا
سنبھلے کس طرح بھلا برچھیاں کھانے والا
چرخ سے آگ برستی ہے زمیں جلتی ہے
مارے گرمی کے زباں خشک ہے لہو چلتی ہے
کہیں دم لینے کو سایہ نہیں ہے وقت زوال
اینٹھی جاتی ہے زباں پیاس کی شدت ہے کمال
کبھی زینب کا ہے غمگاہ سکینہ کا خیال
دن جو ڈھلتے ہیں تو حضرت ہوے ہے نڈھال
مثل خورشید بدن ضعف سے تھر تھراتا ہے
نیر برج امامت پہ زوال آتا ہے
کہتے ہیں ظالموں سے خشک زباں دکھلا کر
بہر حق پانی کا ایک جام پلا دو لا کر
اہلِ کیں کہتے ہیں تیغ ستم چمکا کر
آب شمشیر پیو برچھیوں کے پھل کھا کر
یہ سخن سن کے بھی غصہ نہیں فرماتے ہیں
یاس سے سوے فلک دیکھ کے رہ جاتے ہیں
عرض کرتے ہیں یہ خالق سے کے اے رب غفور
تو ہے عالم کے نہیں کچھ تیرے بندے کا قصور
کرتے ہیں یہ مجھے بے جرم و خطا تیغوں سے چور
ہاتھ امت پہ اٹھانا کو نہیں مجھکو منظور
جانتے ہیں کہ محمد کا نواسہ ہوں میں
پانی دیتے نہیں دو روز کا پیاسا ہوں میں
تو نے بچپن سے میرے ناز اٹھاے یا رب
وہ عنایت کیا جو تجھ سے کیا میں نے طلب
تیرا محبوب بنا عید کو میرا مرکب
روزہ رکھا تو چھپا مہر نمایاں ہوی شب
بھوک میں خلد کا خانہ مجھے امداد کیا
بھیج کر ہرنی کا بچہ میرا دل شاد کیا
اب اگر ہے یہ تیری مصلحت اے رب قدیر
ہو رواں حلق پہ اس پیاسے کے آب شمشیر
میرے مولا با سر و چشم ہے حاضر شبیر
حکم حاکم میں یہ طاقت ہے کروں میں تخریر
جلد گردن پہ رواں خنجر باراں ہوئے
اے خشا وہ جو تیری راہ میں قربان ہوے
غم نہیں کچھ مجھے گو بیکس و بے یار ہوں میں
زیر شمشیر گلا رکھنے کو تیار ہوں میں
تو مددگار ہے مختار ہے لاچار ہوں میں
وقتِ مشکل ہے عنایت کا طلبگار ہوں میں
تیرے سجدے میں یہ سر تن سے جدا ہو جاوے
عہد طفلی کا جو وعدہ ہے وفا ہو جاوے
سختیاں مرگ کی کر اپنے کرم سے آسان
لب پہ تکبیر ہو جب حلق پہ خنجر ہو رواں
دل میں ہو یاد تیری بند ہو جس وقت زباں
دم بھروں تیرا ہی تن سے جو نکلنے لگے جان
بعد چہلم جو مجھے قبر میسر ہوے
زخمی تن پر نہ فشار اے میرے داور ہوے
رحم کر رحم کر شرمندہ ہوں اے یار خدا
بندگی کا تیرے جو حق تھا ادا ہو نہ سکا
خوف محشر سے بدن کانپتا ہے سر تا پا
ہو گی اعمال کی پرسش تو کہوں گا میں کیا
کوئی تحفہ تیرے لائق نہیں پاتا ہے حسین
ہاتھ خالی تیرے دربار میں آتا ہے حسین
تقویت دل کو کرم سے ہے تیرے یا رحمان
نہیں مایوس کے رحمت ہے تیری بے پایاں
مشکلیں بندوں کی کر دیتا ہے دم میں آسان
شکر الطاف و عنایت میں قاصر ہے زباں
عاصیوں سے بھی محبت نہیں کم کرتا ہے
جرم وہ کرتے ہیں تو لطف و کرم کرتا ہے
میں تیری راہ میں مظلومی سے ہوتا ہوں فدا
تو ہے آگاہ کے دو دن کا ہوں بھوکا پیاسا
چاہتا ہوں میں یہی اپنی شہادت کا صلہ
مغفرت امت عاصی کی ہو اے بار خدا
ہے گوارا مجھے جو کچھ کہ اذیت ہوے
ان کو دنیا میں بھی آخرت میں بھی راحت ہوے