Kanz e Aza

کاش اکبر تیرے

A noha written by Mir Takallum. Lyrics in Urdu.

‎کاش اکبر تیرے جیسا تیرا بیٹا ہوتا

تجھ کو اندازہ میرے دردِ جگر کا ہوتا


‎مانگنے آتا جوانی میں وہ مرنے کی رضا

‎اور بیٹا بھی ترا ہوتا محمد جیسا

‎پوچھ کر دل سے بتا حال ترا کیا ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔


‎کس طرح کرتا جواں لعل کو رخصت بیٹا

‎کیسے دیتا اسے مرنے کی اجازت بیٹا

‎تیری بہنوں نے جسے ناز سے پالا ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔


‎کانپتے ہاتھ لرزتے ہوئے سانسوں کے قدم

‎کس طرح دیکھتا آنکھوں سے نکلتے ہوئے دم

‎پیار بھی اس سے تجھے سب سے زیادہ ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔


‎تیرے حصے میں مری جیسی غریبی آتی

‎وقت سے پہلے مرے لعل ضعیفی آتی

‎وہ پسر سامنے جب خون میں ڈوبا ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔


‎دیکھتا آنکھوں سے جب نورِ نظر کے ٹکڑے

‎باپ کے منہ سے نکل آتے جگر کے ٹکڑے

‎ساتھ برچھی کے جو ہاتھوں پہ کلیجہ ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔


‎خاک پر خوں میں تڑپتی ہو نبی کی تصویر

‎صبر کر لیتا بتا ہاتھ میں رکھ کر شمشیر

‎جب کہ ہنستے ہوئے قاتل کو بھی دیکھا ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔


‎تجھ کو معلوم بھی ہوتا نہ اٹھے گا یہ پسر

‎کیا ترے دل پہ گزرتی یہ بتا دے اکبر

‎اس کی صغرا کا بھی خط آنے ہی والا ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔


‎بس یہ کہتے تھے تکلم شہہِ والا روکر

‎ہوتی اکبر تری اولاد زمانے میں اگر

‎تجھ کو احساس مرے دل کی تڑپ کا ہوتا

کاش اکبر تیرے۔۔۔