Kanz e Aza

وارثِ چادرِ تطہیر

A noha. Lyrics in Urdu.

وارثِ چادرِ تطہیر ہے بنتِ زہرا

بعد شبیر کے شبیر ہے بنتِ زہرا


فاطمہ زہرا سی صورت ہے تو سیرت بھی وہی

ضبط کا حوصلہ اور صبر کی ہمت بھی وہی

وہی تقویٰ اور طہارت ہے عبادت ہے وہی

ہے وہی لہجہ اندازِ خطابت بھی وہی

دین کے عنوان کی تقریر ہے بنتِ زہرا

وارثِ چادرِ تطہیر۔۔۔


آج بہتان جو رکھتے ہیں نبی زادی پر

اُنہیں لوگوں نے کیا جینا نبی کا دو بھر

دین میں آئے تھے اسلام کا کلمہ پڑھ کر

اور ناموسِ پیعمبر کو پھرایا در در

دینِ اسلام کی توقیر ہے بنتِ زہرا

وارثِ چادرِ تطہیر۔۔۔


مٹ گئے آلِ پیعمبر کو مٹانے والے

حشر تک زندہ ہیں اسلام بچانے والے

اس حقیقت سے ہیں واقف یہ زمانے والے

سب سے افضل ہیں محمد کے گھرانے والے

اس گھرانے کی ایک تصویر ہے بنتِ زہرا

وارثِ چادرِ تطہیر۔۔۔


احترام اُن کا رہے ماہِ محرم کی طرح

نام اونچا رہے عباس کے پرچم کی طرح

یہ ہمارے لیئے ہے سورئہ مریم کی طرح

اپنی نظروں میں ہے یہ نورِ مجسم کی طرح

پانچ نوروں کی ایک تنویر ہے بنتِ زہرا

وارثِ چادرِ تطہیر۔۔۔


بے ردا ہو کہ کیا دینِ خُدا کا پردہ

ان کے کردار سے ہے شرم و حیا کا پردہ

نام زینب کا بنا آلِ عبا کا پردہ

شام میں جا کہ اُٹھا کرب و بلا کا پردہ

گردنِ کفر پر شمشیر ہے بنتِ زہرا

وارثِ چادرِ تطہیر۔۔۔


طوق و زنجیر میں جکڑا ہوا بیمار چلا

نوکِ نیزہ پہ سرِ سیدِ ابرار چلا

بندھ آنکھوں کو کیئے فرقِ علمدار چلا

مائوں بہنوں کو لیئے قافلہ سالار چلا

ترجمانِ غمِ شبیر ہے بنتِ زہرا

وارثِ چادرِ تطہیر۔۔۔