کہتی تھی یہ رو رو کے سکینہ میرے بابا
عموں نہیں آئے
میں کب سے کھڑی دیکھتی ہوں راستہ اُن کا
عموں نہیں آئے
اے کاش! نہ میں بھیجتی ساحل پہ چچا کو
اٰمین کہیں ہاتھ اُٹھاتی ہوں دُعا کو
گھر خیر سے آ جائیں چچا جان خُدایا
عموں نہیں آئے ۔۔۔
کب مشق و علم لے کے سوئے نہر گئے تھے
اور دے کے گئے تھے مُجھے کیا کیا وہ دلاسے
سب بھول گئے نہر کا پایا جو کنارا
عموں نہیں آئے ۔۔۔
کُوزا لیئے ہاتھوں میں سرِ راہ کھڑی ہوں
ہے سوچنا دُشوار مگر سوچ رہی ہوں
شاید اُنہیں مُجھ سے بھی ہے زیادہ کوئی پیارا
عموں نہیں آئے ۔۔۔
کہتے تھے کہ دریا سے ابھی لاتا ہوں پانی
کُچھ دیر جو ہو جائے تو رونا نہیں جانی
خیمے سے ذرا دور ہے دریا کا کنارا
عموں نہیں آئے ۔۔۔
کوئی اُنہیں دے دے میرا پیغام زبانی
آ جائو چچا اب میں نہیں مانگوں گی پانی
غم سے پھٹ جاتا ہے میرا آہ کلیجہ
عموں نہیں آئے ۔۔۔
رِہ رِہ کے میرا سینے میں کٹتا ہے کلیجہ
میدان سے لوٹا نہیں اب تک میرا سقہ
مشکیزہ چِھدا خون میں ہے تر علم آیا
عموں نہیں آئے ۔۔۔
میں ڈرتی ہوں اللہ بُرا وقت نہ لائے
کچھ دیر جو دریا سے ابھی اور نہ آئے
دم توڑ دے جھولے میں اصغر کہیں پیاسا
عموں نہیں آئے ۔۔۔
کیوں تکتی ہیں حسرت سے پھوپھی جان ردا کو
کیا ہو گیا دریا پہ بتا اے ذرا مُجھ کو
کس کے لیئے روتا ہے یہ کُنبہ میرا سارا
عموں نہیں آئے ۔۔۔
ایسا نہ ہو اعدائ نے اُنہیں گھیر لیا ہو
مشکیزے پہ تیر آیا ہو سینے پہ لگا ہو
ساحل پہ کہیں ڈوب گیا ہو نہ سفینہ
عموں نہیں آئے ۔۔۔
یاور یہ بُکا کرتی تھی رو رو کے سکینہ
عموں کی خبر لیجیئے یا شاہِ مدینہ
عموں کے بغیر میرا دُشوار ہے جینا
عموں نہیں آئے ۔۔۔