Kanz e Aza

شاہ کہتے تھے

A noha written by Dayam Najafi (2026). Lyrics in Urdu.

شاہ کہتے تھے بہت ظلم سکینہ ہوگا

ہر طرف شام غریباں کا اندھیرا ہوگا


بعد قتل شہ ابرار قیامت ہو گی

لوٹنے خیموں کو آجاییں گے خیموں میں شقی

دشت خوں خار میں سادات کا پرسہ ہوگا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔


یہ صدا دیتے تھے مقتل میں حسین ابنِ علی

آخری بار میرے سینے پہ سو لے بی بی

آج کے بعد پدر ہونگے نہ سینہ ہوگا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔


کوئی کانوں سے گوہر چھینے گا اور کوئی ردا

کوئی مارے گا طمانچہ کوئی گھڑکی دے گا

ظلم کیا کیا نہ میرے بعد سکینہ ہوگا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔


کوی ہمدرد نہ ہوگا میری بیٹی ناشاد

فرقت شاہ میں اے جانِ جگر عصر کے بعد

باپ کے ہجر میں ہر آن تڑپنا ہوگا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔


شعلہ سادات کے خیموں سے اٹھے گا بی بی

میرے بے شیر کا جھولا بھی جلے گا بی بی

کیا بتاؤں میں ستم آل پہ کیا کیا ہو گا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔


غور سے دیکھ لو اے تشنہ دہن خاک ہے یہ

اس کو پہچان لو اے بابا کی جاں خاک ہے یہ

آج کے بعد یہی خاک بچھونا ہوگا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔


وقت راحت کا کہاں اب نہ سکوں پاؤ گی

ہر طمانچے پہ ستمگر کے تڑپ جاؤ گی

بعد شبیر کے سانسوں پہ بھی پہرہ ہوگا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔


دایم و یزدان بیاں کیسے ہو وہ وقت قضا

ایک کہرام مچا جب شاہ نے رو کے کہا

اپنے چہرے کو تمہیں اشکوں سے دھونا ہوگا

ہر طرف شام غریباں۔۔۔