Kanz e Aza

سکینہ شام کے زندان

A noha written by Zulfiqar Ahmed. Lyrics in Urdu.

سکینہ شام کے زندان میں رورو کے کرتی تھی بیاں

جی نہیں سکتی تمہارے بن اے میرے بابا جاں


نیند آتی ہی نہیں دل کو سکوں ملتا نہیں

مانگنے پر بھی مجھے ہائے پانی کوئی دیتا نہیں

اب بُلا لو پاس اپنے گھُٹ رہا ہے دم یہاں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


کان زخمی ہیں میرے کُرتا بھی میرا ہے پھٹا

چھِن گئی چادر جو میری سر بھی میرا ہے کھُلا

دل سے میرے اُٹھ رہا ہے آپ کے غم کا دھواں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


کربلا سے شام تک ڈھائے گئے مجھ پر ستم

شمر نے مارے تماچے تعزیانے دم بدم

پائوں میں چھالے تھے میرے اور گلے میں ریسماں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


بھائی عابد کی سُنائوں تم کو کیسے داستاں

اُن کو زنجیروں میں جکڑا ظالموں نے بابا جاں

ہوتے نہ اُن پر ستم یہ آپ جو ہوتے یہاں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


ظلمتِ شب میں میری اماں یہ دیتی ہے صدا

اے میرے ششماہ اصغر کیوں ہوئے ماں سے جُدا

یہ بتادو میرا ننھا بھائی اصغر ہے کہاں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


شام کو گھر جاتے ہیں سب طائیرانِ آسماں

کب مدینے جائوں گی میں اے میرا تشنہ دہاں

کب ملوں گی جا کے صغریٰ سے میری جو ہے وہاں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


جب نظر آتا ہے پانی یاد آتے ہیں چچا

ہوتے جو وہ پاس میرے شمر کب کرتا جفا

چھوڑ کر مجھ کو نجانے جا چُکے ہیں وہ کہاں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


یاد میں آنکھوں سے میرے خون کے آنسو بہتے ہیں

زندہ لاشوں کی طرح اس قید میں ہم رہتے ہیں

ہم پہ گریہ کر رہے ہیں یہ زمین و آسماں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


بھائی کی چاہت کہاں اور آپ کی شفقت کہاں

سینے پہ سو جائوں میں ایسی میری قسمت کہاں

بھائی اکبر یاد آتے ہیں جو سُنتی ہوں اذاں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔


سوز ہو ایک کو آتا اور ایک کو زورِ قلم

رکھیئے گا دونوں پہ اے بی بی صدا چشمِ کرم

آپ کا شاعر ہے احمد اور محسن نوحہ خواں

سکینہ شام کے زندان میں۔۔۔