Kanz e Aza

سکینہ زندہ ہے

A noha written by Ahsan Mujtaba. Lyrics in Urdu.

‎ملا نہیں تیرا سینہ سکینہ زندہ ہے

‎تماچے کھا کہ بھی بابا سکینہ زندہ ہے


‎لعیں نے دُر کو اُتارا نہیں ہے کھینچا ہے

‎ اُسے بتائیے بھیا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


‎ وہ دیکھ آئی ہے بابا کی لاش مقتل میں

‎ نہ جانے کیسے خُدایا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


‎ کٹے سروں کی صدا تھی یہ شامِ غربت میں

‎ نہ مار شمر خدارا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


‎ وہ نوکِ نیزہ سے اصغر ع کا سر گرا دیتے

‎ کبھی جو دیکھنا ہوتا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


‎ اُسے بتول سے نسبت ہے درد سہنے میں

‎ کہ نیلا ہو گیا چہرہ سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


ہیں اُس کے چاروں طرف اُس کے باپ کے قاتل

ستم کے بھیڑ مِیں تنہا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


‎ وہ بار بار اُسے اونٹ سے گرا تا رہا

‎ لعین دیکھ رہا تھا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


بازارِ شام میں غش کھا کہ جب گرا عابد

‎ یہ سن کہ ہوش میں آیا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔


‎ ہے سسکیوں کی صدا اب بھی شام میں احسن

‎ ابھی بھی لگتا ہے ایسا سکینہ زندہ ہے

ملا نہیں تیرا سینہ۔۔۔