Kanz e Aza

حسین یاد آۓ

A noha written by Mir Sajjad Mir. Lyrics in Urdu.

اُٹھا جو کوئی جنازہ حسین یاد آۓ

جو دیکھا کوئی بھی پیاسا حسین یاد آۓ


چھری چلانے سے پہلے کسی ذبیحے پر

جب اس کو پانی پلایا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


وہ جس کا کوئی بھی وارث نہیں تھا دنیا میں

کفن جب اس نے بھی پایا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


کسی یتیمہ کو میت سے اس کے بابا کی

جو پیار کرکے ہٹایا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


نظر میں پھر گیا کڑیل جوان کا لاشہ

کسی نے باندھا جو سہرا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


جوان بھائی کے لاشے کو ایک بھائی نے

جو رو کے سینے لگایا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


خوشی کہاں ہوئی صغریٰ کا درد اور بڑھا

جو چاند عید کا دیکھا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


پکڑ کے باپ کا دامن کسی بھی بچی نے

نا جائیں بابا جو بولا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


میرا پسر ہوا جس روز چھہ مہینے کا

بتاؤں کیسے میں کتنا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


لپٹ لپٹ گئی تربت سے ثانی زہرا

بنی جو قبرِ سکینہ حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔


ہمیشہ کرب و بلا کے سفر پہ اے سجاد

گلے جو ماں نے لگایا حسین یاد آۓ

اُٹھا جو کوئی جنازہ۔۔۔