Kanz e Aza

اماں لوٹ آئی ہوں

A noha. Lyrics in Urdu.

اماں لوٹ آئی ہوں میں

داغ دل پہ بہتر کے لائی ہوں میں


جب گئے تھے یہا ں سے تو گھر تھا بھرا

گُلستان تیرا پھولوں سے آباد تھا

ہائے دشتِ ستم ہائے کرب و بلا

لُوٹ کر لے گئے سب بھرا گھر میرا

سب لُوٹا آئی تیری کمائی ہوں میں

اماں لوٹ آئی ہوں۔۔۔


قاسم و اکبر و اصغر دلربا

سب کے سب ہو گئے کربلا میں جُدا

شیر جیسا وہ عباس بھائی میرا

کٹ گئے ہاتھ ساحل پہ مارا گیا

نہر پہ بے کفن چھوڑ آئی ہوں میں

اماں لوٹ آئی ہوں۔۔۔


چومتی تھی بڑے پیار سے جو گلا

دشتِ غربت میں تن سے ہوا وہ جُدا

اک قطرہ دمِ ذبح مل نہ سکا

لاڈلا تیرا پیاسا جہاں سے گیا

خون بھرا پیر ہن ساتھ لائی ہوں میں

اماں لوٹ آئی ہوں۔۔۔


بعدِ شبیر اتنا بڑا حوصلہ

چھین کر لے گئے چادریں اشقیائ

خیمئہِ اہل پر تھے رسول خدا

آگ لگتی گئی خاک ہوتا گیا

جلتے خیموں سے عابد کو لائی ہوں میں

اماں لوٹ آئی ہوں۔۔۔


جا بجا پا برہنہ یونہی سر کُھلے

شام و کوفہ کی گلیوں میں کھینچے گئے

کیاکہوں والیئِ شام کے سامنے

ہاتھ تھے رسیوں میں ہمارے بندھے

نیل بازو کے دکھلانے آئی ہوں میں

اماں لوٹ آئی ہوں۔۔۔


وہ دلاری سکینہ بھتیجی میری

کھا رہی تھی تماچے میں چُپ تھی کھڑی

ہائے رے بے بسی ہائے بیچارگی

وہ ستم جھیلتے جھیلتے مر گئی

شام کی قید میں چھوڑ آئی ہوں میں

اماں لوٹ آئی ہوں۔۔۔