یہ کربلا میں کیا ہوا زینبؑ کے سامنے
زہراؑ کا گھر اُجڑ گیا زینبؑ کے سامنے
پانی پلا نہ پائی دمِ ذبح بھائی کو،
سر تن سے کر دیا جدا زینبؑ کے سامنے
بھائی تڑپتا رہ گیا تیروں کی نوک پر،
نوکِ سناں پہ سر چڑھا زینبؑ کے سامنے
مقتل میں ہائے گھوڑوں سے پامال ہو گیا
بنتِ نبیؐ کا لادلا زینبؑ کے سامنے
بعدِ حسینؑ آگ لگا دی خیام میں،
ایک ایک خیمہ جل گیا زینبؑ کے سامنے
خیموں کے ساتھ راکھ ہوا جل کے ہائے ہائے،
جھولا بھی شیر خوار کا زینبؑ کے سامنے
غازی کے سر نے دیکھا جو بہنوں کو بے ردا،
نیزے سے نیچے گر گیا زینبؑ کے سامنے
چہرہ لہو سے بھر گیا زہراؑ کے لال کا،
پتھر جبیں پہ جب لگا زینبؑ کے سامنے
ماری چھڑی یزید نے منہ پر حسینؑ کے،
پھر طشت خوں سے بھر گیا زینبؑ کے سامنے
مانگا سکینہ بی بیؑ نے پانی جو شمر سے،
مارا طمانچہ زور کا زینبؑ کے سامنے
دھکا کچھ اس طرح دیا عابدؑ کو شمر نے،
بیمار منہ کے بل گرا زینبؑ کے سامنے
شمشاد تیرے نوحے کو سن کر بہشت میں،
سارا گھرانہ رو پڑا زینبؑ کے سامنے