Kanz e Aza

میرے حسین کو روتے

A noha written by Mazhar Abidi. Lyrics in Urdu.

فرش مجلس پہ فاطمہ زہرا

لمحہ لمحہ شمار کرتی ہیں

اے عزاداروں آؤ مجلس میں

فاطمہ انتظار کرتی ہیں


اے عزاداروں سنو کہہ رہی ہیں سیدہ


ہر ایک چاہنے والے کو بخشوادوں گی

میرے حسین کو روتے رہو دعا دوں گی


تم اپنے گھر میں عزا خانے جب سجاؤ گے

جزا رسول سے اسکی ضرور پاؤ گے

خدا بھی راضی رہے گا علی بھی اور میں بھی

غم اپنا بھول کے عاشور جب مناؤ گے

تمہارے دل کےہر ایک زخم کی دوا دوں گی

میرے حسین کو روتے۔۔۔


عجیب حال سے آؤنگی میں سر محشر

کہ لاؤنگی میں وہاں گود میں حسین کا سر

میں لاؤنگی میرے عباس کے کٹے ہوئے ہاتھ

تو ساتھ لاشہء اصغر بھی اور حسن کا جگر

خدا سے بابا کی امت کو بخشوا دونگی

میرے حسین کو روتے۔۔۔


بہ وقت عصر گلوے حسین کٹتا تھا

پسر کے گرد پھری روح فاطمہ زہرا

ندائے فاطمہ آتی تھی آہ واویلا

کہ چکی پیس کے میں نے حسین کو پالا

کرو نہ قتل اسے میں تمہیں دعا دونگی

میرے حسین کو روتے۔۔۔


میری سکینہ و زینب کی سب کنیزیں سنیں

وصیت ایک میری ہے دھیان میں رکھے

کبھی جو ذکر ہو زینب کی بے ردائی کا

تو ایک لمحہ بھی قد کو وہ بے ردا نہ کرے

میں تم کو بیٹیاں زینب سی بہ حیا دونگی

میرے حسین کو روتے۔۔۔


تم اس جہاں میں ہمارا سہارا بن جاؤ

ہمارے باعث عزت تو بن کے دکھلاؤ

نہ ایسا ہو کبھی اپنے کسی عمل سے کبھی

عزا کی روح کو نقسان تم نہ پہنچاؤ

یہ میرا وعدہ ہے میں تم کو بخشوادوں گی

میرے حسین کو روتے۔۔۔


جو عمر بھر میرے بچے کا نوحہ خواں ہوگا

بہ روز حشر وہ اتنا ہ شاد ماں ہوگا

جو نوحے لکھتے رہے مظہر عابدی یوں ہی

قلم یہ تابہ قیامت یونہی رواں ہوگا

ہر ایک بیت پہ جنت میں گھر دلادونگی

میرے حسین کو روتے۔۔۔