اندھیرے بیاباں میں ایک یتیمہ
چلی ڈھونڈنے اپنے بابا کو تنہا
یہاں سے وہاں روتی پھرتی ہے رن میں
وہ لاشوں سے ٹکرا کے گرتی ہے رن میں
تڑپ کر صدا دے رہی ہے یہ دکھیا
اندھیرا بہت ہے کہاں جاؤں بابا
بہت ڈر یہاں لگ رہا ہے بچاؤ
کہاں ہو مجھے پاس اپنے بلاؤ
پدر کو یہ آواز تڑپا رہی ہے
کٹے حلق سے یہ صدا آ رہی ہے
سکینہ سکینہ
صدا دے رہا ہے یہ سرور کا لاشہ
چلی آ چلی آ سکینہ سکینہ
چلی آ پدر کی صدا کے سہارے
یہاں ہر طرف میرے دشمن ہے سارے
کوئی بھی تجھے نہ بتاے گا رستہ
چلی آ چلی آ۔۔۔
تیرے پاس خود چل کے آتا تھا بابا
کلیجے سے تجھکو لگاتا تھا بابا
مگر آج قسمت نے دستور بدلا
چلی آ چلی آ۔۔۔
میری جان بہت ظلم تو سہہ رہی ہے
طمانچوں کی آواز میں نے سنی ہے
پھٹا جا رہا ہے پدر کا کلیجہ
چلی آ چلی آ۔۔۔
سب اپنی مصیبت بتا آکے مجھکو
جو گزری ہے دل پر بتا آ کے مجھکو
تیرے دل کا ہر درد بابا سنے گا
چلی آ چلی آ۔۔۔
نہیں کوئی تجھ پر ترس کھانے والا
اے میری یتیمہ میرے پاس آ جا
پدر دے دے تجھکو یتیمی کا پرسہ
چلی آ چلی آ۔۔۔
پدر کو بہت اس کا صدمہ ہے بیٹی
تجھے خاک پہ کل سے سونا ہے بیٹی
میرے پاس آ کے زرا دیر سو جا
چلی آ چلی آ۔۔۔
ندیم ایک قیامت کا منظر تھا اس دم
تھے حلق بریدہ کے یہ بین میثم
قریب آ رہا ہے بچھڑنے کا لمحہ
چلی آ چلی آ۔۔۔
سنو نا سنو نا سنو پیارے بابا
یہاں ہے سکینہ یہاں ہے سکینہ
صدا جب سنی غمزدہ نے پدر کی
وہ سہمی ہوئی لاش کے پاس پہنچی
عجب حال دیکھا تھا تیروں پہ لاشہ
اچانک لگا دل پہ بچی کے صدمہ
اسے کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا
کبھی وہ سرہانے تلک جا رہی تھی
کبھی لاش کے پایینتی آ رہی تھی
ادھر سے ادھر ٹھوکریں کھا رہی تھی
یتیمہ یہ کہہ کہہ کے چلا رہی تھی
یہ تم ہو اے بابا
بابا بابا