Kanz e Aza

حرم

A noha written by Zeeshan Abidi. Lyrics in Urdu.

قدم جس وقت میں نے کربلا کی خاک پر رکھا

تھا منظر سامنے دو بھائیوں کی بادشاہت کا

میں جب باب الحوائج کےحرم کےسامنے پہنچا

اُٹھا کر ھاتھ رو روکر کہا میں نے سلام آقا

بہت ٹوٹا ھوا ھوں پاس اب مجھکو بلالیجئے

لپٹ جاؤں میں بچوں کی طرح روضے کی جالی سے


زیارت کی تمنا میں حرم تک آگیا ہوں میں

اجازت دیجئے دربار میں رکھوں قدم مولا


میرے دل میں زیارت کی تڑپ جسدم بڑھی حد سے

کریمِ کربلا سے یہ کہا تھا میں نے رو روکے

میرے صاحب میرے آقا کہیں یہ چھوٹے حضرت سے

مجھے زائر بنا دیجئے دکھا دیجئے حرم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


خبر جب سے ہوئی مجھکو بلاوا آگیا میرا

چلا گھر سے یہاں پہنچا نہ نیند آئی نہ چین آیا

عجب ہےکیفیت دل کی یقیں آتانہیں مجھکو

نظر گنبد کی جانب ہے میری آنکھیں ہیں نم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


کوئی مسلم کوئی ہندو کوئی سکھ کوئی عیسائی

تیرے دربار میں کوئی نہیں تفریق مذہب کی

حرم کے سامنے آکر ادب سے سر جھکاتے ہیں

ہیں سبکی آنکھ میں آنسو ہے سبکے دل میں غم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


یہاں اپنے لئےمولا کہاں کچھ مانگتا ہوں میں

لپٹ کر آپ کی تربت سےرونا چاھتا ہوں میں

سنا ہے آپکی تربت علی اصغر کے جیسی ہے

نہ جانے آپ پر کیا کیا ہوئے ظلم و ستم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


درِ اُمِ البنین کے پاس جاکر بیٹھ جاؤنگا

سنا کر آپکا نوحہ وہاں آنسو بہاؤنگا

گرےجب آپ گھوڑے سے نہیں تھے آپکے بازو

رہا اس بات کا بس آپکی مادر کو غم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


یہاں سے جاؤنگا مولا بڑے مولا کے روضے پر

بہت غربت میں مارا ہے جنہیں نو لاکھ نے ملکر

جدائی آپ کی سہ کر کمر خم ہوگئی ہائے

جنہیں اکبر کی فرقت میں نظر آتا تھا کم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


کلیجے میں سناں کھائے تڑپتا تھا جہاں اکبر

وہاں پر یاد آئیگا مجھے غربت کا وہ منظر

علی اکبر یہ کہتےتھے نہ برچھی کھینچئےبابا

پدر کے گود میں نکلا جواں بیٹے کا دم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


جہاں خنجر سے ظالم نے گلا شبیر کا کاٹا

وہاں ستر قدم کا فاصلہ بھائی بہن میں تھا

بہن نے اُس گھڑی کتنا پکارا آپ کو ہائے

تڑپتی رہ گئی زینب ہوا جب سر قلم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔


کہا ذیشان نے ہائے رضا وہ پل رلائینگے

اے میرے باوفا مولا یہ دن جب بیت جائینگے

چلا جاؤنگا گھر لیکن یہیں دل چھوڑ جاؤنگا

مجھے پھر سے بُلا لینا سکینہ کی قسم مولا

زیارت کی تمنا میں۔۔۔