Kanz e Aza

بے ردا شام کے دربار

A noha written by Sajid Razvi. Lyrics in Urdu.

بے ردا شام کے دربار میں جانا زینب


زلزلے آئیں گے جس وقت زمیں کو پیہم

چادریں چھین کے لے جائے جو بانیئے ستم

اور بلوے میں تماشائی بنے نامحرم

اپنے بالوں ہی سے منہ اپنا چھپانا زینب

بے ردا شام۔۔۔


میری نادان سکینہ کو نہ رونے دینا

بعد میرے کوئی تکلیف نہ ہونے دینا

گرم ریتی پہ کبھی اُس کو نہ سونے دینا

اپنے سینے پہ سکینہ کو سُلانا زینب

بے ردا شام۔۔۔


گھُڑکیاں میری سکینہ کو جو دے شمرِ لعیں

سیلیاں مارنے آئے جو اُسے وہ بے دیں

خوف کے مارے نکل جائے نہ جنگل میں کہیں

اپنی آغوش میں تم اُس کو چھپانا زینب

بے ردا شام۔۔۔


یہ لُٹا کارواں جس وقت مدینہ پہنچے

آ کے جو دُخترِ بیمار پدر کو پوچھے

اور بے شیر کو جس وقت وہ دکھیا ڈھونڈے

میری صغریٰ کو کلیجے سے لگانا زینب

بے ردا شام۔۔۔


قافلہ اہلِ حرم کا جو مدینہ جائے

اور اثنائے سفر میں میرا مقتل آئے

تم کو فرصت جو گھڑی بھر کے لیے مل جائے

چند آنسو میری تربت پہ بہانا زینب

بے ردا شام۔۔۔


کربلا میں جو میرے گھر پہ مصیبت گزری

اور بازاروں میں تم پر جو اذیت گزری

مختصر یہ ہے کہ جو کچھ بھی قیامت گزری

ساری روداد میری ماں کو سُنانا زینب

بے ردا شام۔۔۔