Kanz e Aza

اے ثانی زہرہ

A noha written by Akhtar. Lyrics in Urdu.

ہے شام غریباں کی یہ آواز

اے ثانی زہرہ اے ثانی زہرہ


سونا ہوا رن چھا گئی مقتل میں اداسی

سیراب ہوئی خوں سے جو خاک تھی پیاسی

گلشن ہوا پامال ہر اک پھول ہے باسی

خیمے کی نگہباں ہے محمد کی نواسی

دن چھپ گیا رات آگئی سنسان ہے صحرا

اے ثانی زہرہ اے ثانی زہرہ


اللہ کے محبوب تو جنت کو سدھارے

جنگل کی ہوا سنتی ہے اب بین تمہارے

مدہوش ہوئے نیند میں آکاش کے تارے

مارے گئے عباس بھی دریا کے کنارے

اب ان کی جگہ گرد علم دو تم ہی پہرہ

اے ثانی زہرہ اے ثانی زہرہ


مظلوم بہن بھائی کے لاشے پہ کھڑی ہے

لب بند رواں آنکھوں سے اشکوں کی لڑی ہے

بے گور و کفن لاش بیاباں میں پڑی ہے

اک حشر کا میدا ں ہے قیامت کی گھڑی ہے

جب بھیگ گئی یاد تو سراب ہوا گہرا

اے ثانی زہرہ اے ثانی زہرہ


بھائی سے کہو آکے سکینہ کو سلا دو

قاسم کو پکارو علی اکبر کو صدا دو

عباس ذرا آکے ردا سر پہ اڑھا دو

بیٹوں سے کہو آن کے محمل میں بٹھا دو

کل صبح کو جانا ہے تمہیں چھوڑ کے صحرا

اے ثانی زہرہ اے ثانی زہرہ


جنگل سے سکینہ کو تو لے آئی ہوجا کر

اصغر کو بھی تم گود میں لے آو اٹھا کر

بہلاو کہانی کوئی باقر کو سنا کر

کیوں لائیں نہ تم خاک سے اکبر کو جگا کر

جنگل بھی ہے پرحول اندھیرا بھی ہے گہرا

اے ثانی زہرہ اے ثانی زہرہ


بی بی سے بصدعرض یہی کہتا ہے اختر

اے نور دل فاطمہ لخت دل حیدر

اےکشتہ غم سید مظلوم کی خواہر

میں مثل قدب ہوں مجھے کر دیجئے گوہر

تاریخ ادب میں میرا پرچم ہو سنہرا

اے ثانی زہرہ اے ثانی زہرہ