Kanz e Aza

میں پیاسا تہہ

A noha written by Mubarak Jalalpuri. Lyrics in Urdu.

سرور کا گلا خشک تھا اور کند تھا خنجر

رہ رہ کے پھراتا تھا لعیں سوکھے گلے پر

تیروں پہ معلق رہا شبیر کا لاشہ

ماں کہتی رہی گود میں آجا میرے بیٹا


میں پیاسا تہہ تیغ تڑپتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں


کٹتا تھا گلا میرا قیامت کی گھڑی تھی

زینب در خیمہ سے کھڑی دیکھ رہی تھی

خنجر میرے حلقوم پہ چلتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ


گہوارہ جھلاتے تھے کبھی جسکا فرشتے

اس طرح اسے قتل کیا شمر لعیں نے

پیاسا دم آخر میں تڑپتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ


وہ ہوتا جو زندہ تو مجھے کچھ نہیں ہوتا

آجاتا مدد کو میرا عباس کہاں تھا

لاشہ میرے بھیا کا لرزتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ


تپتے ہوئے صحرا پہ عجب ظلم تھا مجھ پر

اماں وہ ستمگر کا بہت کند تھا خنجر

کٹتی تھی رگیں جسم اچھلتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ


تھے زخم بہت ہی تن مظلوم پہ اماں

خنجر تھا رواں شمر کا حلقوم پہ اماں

پہلو میں جو نیزہ تھا وہ چبھتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ


تنہا تھا میں ہر سمت سے گھیرے تھے ستمگر

عباس نہ زندہ تھے نہ زندہ علی اکبر

صدمہ مجھے ان سب کا رلاتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ


ایسا تہہ خنجر تھا گلوے شہ والا

ہاں زیر تن شاہ وہ تپتا ہوا صحرا

ہر سانس پہ تکلیف اٹھاتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ


سرور کے مصایب پہ زمانہ ہے تڑپتا

پر درد یہ نوحہ جو مبارک نے ہے لکھا

اس بین پہ ریحان تڑپتا رہا اماں

اور سامنے بہتا ہوا دریا رہا اماں

---میں پیاسا تہہ تیغ