عابد سكینہ مر گئی
بھیا کو دوں گی کیا جواب
عابد سكینہ مر گئی
رو کر دمِ رخصت یہی مجھ سے کہا تھا بھائی نے
میری سكینہ آج سے زینب حوالے ہے تیرے
بھیا کو دوں گی کیا۔۔۔
جی بھر كے بابا کو یہاں نہ رو سکی یہ بے وطن
بابا ہے رن میں بے کفن خود بھی سدھاری بے کفن
ہر زخم کا دے کر حساب عابد سكینہ مر گئی
بھیا کو دوں گی کیا۔۔۔
ہائے حسینا کی صدا زندان سے اب نہ آئی گی
زندان کی تاریخ میں یہ بات لکھی جائے گی
ظالم کو کر كے بے نقاب عابد سكینہ مر گئی
بھیا کو دوں گی کیا۔۔۔
باقر کہیں محوِ بُکا كلثوم ہے نوحہ کُنا
یوں تو سبھی ہیں دِل فگار فضّہ ہو یا اکبر کی ماں
بے ہوش ہے امِّ رباب عابد سكینہ مر گئی
بھیا کو دوں گی کیا۔۔۔
اِس کمسنی میں بے خطا کیا کیا مصائب سہہ گئی
درّے لگے گوہے چھنے پیدل چلی قیدی بنی
جب لا سکی نہ غم کی تاب عابد سكینہ مر گئی
بھیا کو دوں گی کیا۔۔۔
داغِ یتیمی کیا ملا آنسو مقدر بن گئے
بچی كے مرنے کا سبب یادوں كے نشتر بن گئے
حد سے بڑھا جب اضطراب عابد سكینہ مر گئی
بھیا کو دوں گی کیا۔۔۔
کیسے بیاں کر پائیں گے عرفان و مظہر عابدی
کرتے ہوئے یہ مرثیہ غش کھا گئے بنتِ علی
زنداں کا کر کے انتساب عابد سكینہ مر گئی
بھیا کو دوں گی کیا۔۔۔