Kanz e Aza

سوجا سوجا حسینا

A noha written by Zeeshan Abidi (2026). Lyrics in Urdu.

جب گرنے لگے جلتی زمیں پر شہ والا

یہ کہتے ہوئے زہرا نے گودی میں سنبھالا

کیا اس لئے اس ماں نے تجھے نازوں سے پالا

مارے کوئی نیزہ کوی نے خنجر کوی بھالا

چہرے پہ تیرے کتنی تھکاوٹ ہے میری جاں

یہ حال تیرا دیکھ نہیں پاے گی اب ماں


میرے حسین میرے حسین

سوجا سوجا سوجا حسینا

تیرے لئے آی ہے یہ ماں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان


کتنا مارا گیا ہے تجھے میری جاں

ہاے تھک کر ابھی تو گرا ہے یہاں

خون ہی خون ہے زخم ہی زخم ہے

کیسے تجھکو تھپک کر سلاے یہ ماں

یہ بتا میری جاں ہاتھ رکھوں کہاں

ہے تیرے جسم پر خنجروں کے نشاں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


آیا ہے میری آغوش میں تو ابھی

رات سے ہوں یہاں پر میں بیٹھی ہوئی

اپنے بالوں سے جب صاف مقتل کیا

خوشبو آی مجھے جب تیرے خون کی

کتنا روی یہ ماں تو نے کیسے یہاں

مرتا دیکھا تھا گودی میں کڑیل جوان

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


میری طرح سے ہے سرخ چہرہ تیرا

میرا ہر قدم ورثے میں تجھکو ملا

ہاتھ مجھ پر اٹھایا تیرے سامنے

سامنے میرے تجھکو طمانچے لگا

مت چھپا منہ یہاں جانتی ہے یہ ماں

تیرے چہرے پہ ہے انگلیوں کے نشان

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


تیرے ماتھے پہ ایک تیر جب سے لگا

ہنس رہا ہے تجھے دیکھ کر حرملہ

زخم گہرا ہے اور خون رکتا نہیں

یاد آتا ہے اصغر کا زخمی گلا

رو پڑا آسماں ہاے وہ بے زباں

مر گیا تیرے ہاتھوں پہ تشنہ دہاں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


تیر کچھ کھینچ لوں دو اجازت اگر

جانتی ہوں بہت درد ہوگا مگر

تیرے سینے پہ اتنی بنا دوں جگہ

رکھ لے بالی سکینہ جہاں اپنا سر

تیری معصوم جاں آے گی جب یہاں

تو بتا دے سلاے گا اس کو کہاں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


پہلی بار یہ میری جاں ایسا ہوا

خشک ہے میری گودی میں تیرا گلا

تپ رہا ہے یہ صحرا ہوا گرم ہے

جل رہی ہے زمیں منہ کھلا ہے تیرا

کیسے پانی یہاں لا کے دے تجھکو ماں

پھٹ گےء ہونٹ سوکھی ہے تیری زباں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


زخمی ہاتھوں سے تجھکو اٹھا لونگی میں

اپنی چادر میں تجھکو چھپا لونگی میں

گھوڑے دوڑاے جاینگے لاشوں پہ جب

پسلیاں ٹوٹنے سے بچا لونگی میں

کب یہ چاہتی ہے ماں جب ہو پامالیاں

میری طرح سے ٹوٹی تیری پسلیاں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


جس نے آتے ہوئے چوما تیرا دہاں

دیکھ ستر قدم دور ہے وہ بہن

ہاے پردیس میں مر گیا تو اگر

کیسے دے گی تیری لاش کو وہ کفن

کرتی ہے وہ فغاں اے میرے بھائی جاں

ہونے والا ہے گردن‌ پہ خنجر رواں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔


اے رضا اور زیشان کیا وقت تھا

شمر نے شہ کی گردن پہ خنجر رکھا

بولی زہرا میرا غازی ہوتا اگر

اے حسین آج کٹتا نہ تیرا گلا

ہاتھ ہے درمیاں زخمی ہونگی یہاں

تیری گردن سے پہلے میری انگلیاں

اور کتنے دے گا تو اب امتحان

سوجا سوجا سوجا۔۔۔