Kanz e Aza

رات ہوتی ہے

A noha written by Shahid Jafer. Lyrics in Urdu.

رات ہوتی ہے تو رونے کی صدا آتی ہے

کسی بی بی کے تڑپنے کی صدا آتی ہے


کھلی گہوارہ ہلاتے ہوئے شاید ماں کو

دلِ اصغر کے دھڑکنے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔


یوں تو برچھی علی اکبر کے کلیجے میں لگی

قلب میں شِہ کے اُترنے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔


کان کے درد سے بچی کوئی جاگی ہو گی

نیند سے چونک کے رونے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔


سو گئی قبر میں معصوم سہم کر لیکن

شمر کے اب بھی گھُرکنے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔


اک بیمار پتہ پوچھتی نکلی گھر سے

قافلہ شہر میں آنے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔


لاشے بے سر تیرے سینے سے لپٹ کر کس کی

ہچکیاں لے کے سسکنے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔


ماں کی تُربت پہ اکیلی ہی گئی ہے زینب

حالِ دربار سُنانے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔


شاہِ دیں جھوم کے گرتے ہیں زمیں پر شاہد

آسماں توت کے گرنے کی صدا آتی ہے

رات ہوتی ہے تو۔۔۔