Kanz e Aza

ہو میرے لال کہاں

A noha. Lyrics in Urdu.

ہو میرے لال کہاں


ہائے جنگل کا وہ سناٹا وہ پُر ہول فضا

اور ایسے میں کسی دُکھ بھرے دل کی وہ صدا

جیسے بچھڑی ہوئی اولاد کو ڈھونڈے کوئی ماں

ہو میرے لال کہاں۔۔۔


تم گئے جب سے عجب حال ہے بیٹا میرا

کوئی صورت سے نہیں قلب سنبھلتا میرا

گود اُجڑی ہے نظر آتا ہے جھولا ویران

ہو میرے لال کہاں ۔۔۔


خود بخود ہاتھ اُٹھے جاتے ہیں لینے کو تمہیں

کب سے بے چین ہوں لوریاں دینے کو تمہیں

ہو گئی رات بس آ گود میں آئو میری جاں

ہو میرے لال کہاں ۔۔۔


کس کی آغوش ہے اس بن میں بسائی بیٹا

نیند کس طرح مجھے چھوڑ کے آئی بیٹا

ماں کو بھی پاس بُلا لو وہیں سوتے ہو جہاں

ہو میرے لال کہاں ۔۔۔


زخم گردن کا خدا جانے دُھلایا کہ نہیں

جسم سے خون بھرا کُرتا وہ اُتارا کہ نہیں

کیا لہو زخم سے ناوق کے ابھی تک ہے رواں

ہو میرے لال کہاں ۔۔۔