Kanz e Aza

مثال موج پر

A noha written by Mahir Lakhnavi. Lyrics in Urdu.

مثال موج اجل پر ابھر ابھر کے چلے

حسین والے چلے اور بن سور کے چلے


زہیر آے حبیب آے نصرت شاہ کو

قمر کے گرد ستارے نکھر نکھر کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔


علی کا شیر سوے نہر یوں چلا جیسے

شکار دیکھ کے ضیغم ٹہر ٹہر کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔


نگاہ کہتی ہے عباس کی سر ساحل

کہاں ہے فوج عدو ہم تو مشک بھر کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔


کمر حبیب نے باندھی جو نصرت شہ میں

جوانیوں کے ارادے سنور سنور کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔


نہا کے نکلا ہے لیلیٰ کے آنسوؤں میں شباب

نہ کیوں جوانیء اکبر نکھر نکھر کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔


صفوں کو توڑ کے جاتے ہیں اس طرح عباس

سفینہ موجوں پہ جیسے ابھر ابھر کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔


طوافِ روضہء شبیر کی تمنا میں

فرشتے بام فلک سے اتر اتر کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔


قلم اٹھاتے ہیں مدح حسین میں ماہر

تصورات میں مضموں سنور سنور کے چلے

مثال موج اجل پر۔۔۔