عباس پیئے کیسے پانی عباس کا آقا پیاسا ہے
خیمے میں سکینہ پیاسی ہے اور بچہ بچہ پیاسا ہے
عباس نے جب پینے کو کہا رہوار نے بھی منہ پھیر لیا
مطلب تھا یہی میں کیسے پیئوں بے شیر ہمارا پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔
برسات کا موسم بھی تو نہیں پانی کا برسنا ناممکن
دریا بھی عدو کی قید میں ہے شبیر کا کنبہ پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔
پیا جو سکینہ نے پانی یہ کہہ کے بڑھی مقتل کی طرف
اصغر کو پلائوں گی پہلے ننھا میرا بھیا پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔
جب شیرِ خدا نے پیاسوں کوکوثر پہ دیا جامِ کوثر
منہ پھیر لیا سب نے کہہ کر احمدکا نواسا پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔
لاغر ہے بہت بیمار بھی ہے زنجیر بدن سے بھاری ہے
دُرّے نہ لگا عابد کے شقی واللہ یہ بھوکا پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔
آزاد ہوئی عطرت لیکن زندان میں سکینہ ہے اب تک
چھڑکائو لحد پر کون کرے ہر ذرا ذرا پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔
اشکوں کے یہ جھڑنے آنکھوں سے چودہ سو برس سے جاری ہیں
سیراب ابھی تک ہو نہ سکا رومالِ زہرا پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔
عباس کا جس میں ذکر نہ ہو بے شیر کی جس میں پیاس نہ ہو
کتنے بھی مصائب ہوں انور لیکن وہ نوحہ پیاسا ہے
عباس پیئے کیسے۔۔۔