زینب آ گئی بھائی
لو زندانِ شام سے چُھٹ کر
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
اب نہ یہاں سے گھر جائے گی
لوٹ کہ یہ ماں جائی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
بعد تیرے ایسے لوٹا گھر
سر پہ نہ چھوڑی ایک کہ چادر
کھینچ لیا بیمار کا بستر
دیتی رہی میں دُہائی
زینب آگئی بھائی ۔۔۔
تاریکی رستے انجانے
دُشمن ہر سُو نیزے تانے
کرب و بلا کے بن میں نہ جانے
کیسی شام تھی آئی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
حسرت تو تھی جانِ خواہر
دیتے اجازت گر یہ ستم گر
میت پر کُچھ دیر ٹھہر کر
رو لیتی ماں جائی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
سر کھولے بے مکھنا و چادر
اعدائ لے گئے ہم کو در در
کیا بولوں ایک ایک قدم پر
کس کس کی یاد آئی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
کوڑے جب بیمار پہ برسے
روتے تھے ہم سب ہنستے تھے
حکم تیرا تھا ہم بے بس تھے
جھیل گئے رُسوائی
زینب آگئی بھائی ۔۔۔
چلتے چلتے شام جو پہنچے
کچھ مت پوچھو بھیا ہم سے
موت تھی بہتر اس جینے سے
موت مگر نہ آئی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
روشن تھے ہر گام پہ رستے
کوچہ و بازار سجے تھے
رہ گئی اک تماشا بن کے
قدم قدم ماں جائی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
ہائے میرا بیمار بھتیجا
پل پل خون کے آنسُو رویا
کیا کرتی مجبور تھی بھیا
کچھ نہ بہن کر پائی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
غم سے پھٹا جاتا ہے کلیجہ
جاگو برادر اُٹھو بھیا
لے لو اُس لاچار کا پُرسہ
شام جسے چھوڑ آئی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
تیری یاد میں اُس دُکھیا کے
آنسُو ایک نہ پل تھمتے تھے
کس کو پتہ تھا اس صورت سے
اس کو ملے گی رہائی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
تیری یاد جب آتی تھی وہ
روتی تھی چلاتی تھی وہ
روز تماچے کھاتی تھی وہ
بھائی تیری شیدائی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔
درد کا پیکر غم کی زباں ہوں
اک تصویرِ آہ و فُغاں ہوں
پُشت پہ میں دُروں کے نشاں ہوں
آج دکھانے آئی
زینب آ گئی بھائی ۔۔۔