Kanz e Aza

میری سکینہ کو نیند

A noha written by Rehaan Azmi. Lyrics in Urdu.

بانو یہ عابد کو بتلا رہی ہے

میری سکینہ کو نیند آ رہی ہے


کہدو ہوائوں سے آہستہ آئیں

کہدو پرندوں سے غُل نہ مچائیں

کہدو اندھیروں سے واپس نہ جائیں

جاگی ہوئی چین کچھ پا رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔


شاید رسن کی اذیت ہوئی کم

مدہم کرو بیبیو شورِ ماتم

سجاد زنجیر بولیں نہ اس دم

شاید غموں کی گھڑی جا رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔


زندان کا در زور سے اب نہ کھولو

اے پہرہ دارو اب آہستہ بولو

تم بھی تو جاگے ہو کچھ دیر سو لو

بابا کی خوشبو اسے آ رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔


کے اب دھڑکنِ دل بھی اس پہ گراں ہے

نہ بھائی ہے نزدیک نہ اس کے ماں ہے

کانوں سے خون گو کےاب بھی رواں ہے

مگر آنکھ بوجھل یہ سمجھا رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔


یہ شامِ غریباں کی جاگی ہوئی ہے

تماچوں کے ڈر سے نہیں سو سکی ہے

ذرا اب گلے سے رسن جو کھُلی ہے

سکوں سے جو اب سانس لے پا رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔


میں خوش ہوں کے سوئے گی میری دُلاری

میں قربان اس کے میں اب اس کے واری

بہت سہہ چُکی دُکھ یہ غازی کی پیاری

مگر نبض کچھ اور بتلا رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔


مگر یہ ہوا کیا کے زندان رویا

بدن روح کے ساتھ بچی کا سویا

نہ جاگی وہ عابد نے شانہ ہلایا

اور اب ماں یہ کہتے بھی شرما رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔


کہاں تک لکھوں گا میں ریحان نوحہ

کبھی شام جائوں تو دیکھوں وہ روضہ

جہاں قیدی بچی کا مرقد ہے تنہا

جہاں ماں ابھی بھی کہے جا رہی ہے

میری سکینہ کو نیند ۔۔۔