Kanz e Aza

عباس آ رہے ہیں

A noha written by Rehaan Azmi. Lyrics in Urdu.

اک شور ہے الامان

عباس آ رہے ہیں عباس آ رہے ہیں


اک ہاتھ میں الم اور مشک سکینہ

عباس آ رہے ہیں عباس آ رہے ہیں


کاندھے پہ مشک مشک میں دل ہے دلیر کا

دریا کو چھین لینا نہیں کام دیر کا

احسان تشنگی میں ملے گا نہ غیر کا

بگڑا ہوا مزاج ہے حیدر کے شیر کا

عباس آ رہے ہیں۔۔۔


چہرہ ہے والقمر کی ضیاوں سے نور نور

آنکھوں سے جھانکتا ہوا والنجم کا سرور

بالا کھڑی ہے ایسی کہ شرماے کوہ طور

ذوالفیں دراز ایسی کہ والیل کا شعور

عباس آ رہے ہیں۔۔۔


پیاسا ہے شیر گھاٹ کا رستہ نہ روکنا

آنکھیں جھکاؤ شیر کی جانب نہ دیکھنا

کیسے بچے گی جان یہ لازم ہے سوچنا

عباس ہیں جلال میں ہر گز نہ ٹوکنا

عباس آ رہے ہیں۔۔۔


تیور بتا رہے ہیں قیامت اٹھاے گا

تیغ نظر سے اس کی خدا ہی بچاے گا

آیا جو سامنے کوئی وہ مارا جاے گا

اک مشک میں فرات کو بھر کر دکھاے گا

عباس آ رہے ہیں۔۔۔


قبضہ ہوا فرات پر القصہ مختصر

پانی کو دیکھا پھٹ گیا عباس کا جگر

آنکھیں لہو لہو ہوی بچوں کی پیاس پر

بالی سکینہ بچوں سے کہتی رہی ادھر

عباس آ رہے ہیں۔۔۔


خیمے کے درپہ پیاسی سکینہ تھی منتظر

جنبش علم کی دیکھ کے دیتی تھی یہ خبر

تشنہ لبوں دعا میں تمہاری ہوا اثر

وہ دیکھو آ رہا ہے چچا کا علم نظر

عباس آ رہے ہیں۔۔۔


آیا علم ضرور مگر خون میں بھرا

زینب نے سر کو پیٹ کے شبیر سے کہا

کیوں خم کمر ہے آپ کی غازی کہاں گیا

بولے حسین اب کوئی پیاسا نہ دے صدا

عباس آ رہے ہیں۔۔۔


بر حق ہے موت کہتی ہے قرآن سی کتاب

سب کو فنا ہے چاند ہو تارے ہو آفتاب

ہوگا ندیم سرور و ریحان جب حساب

کہہ دیں گے ہم خدا سے کہ دینے کو اب جواب

عباس آ رہے ہیں۔۔۔