Kanz e Aza

تُو نہ آیا غازی

A noha written by Rehaan Azmi. Lyrics in Urdu.

آلِ عمران کہاں اور زندان کہاں

لے بہن قید ہوئی تُو نہ آیا غازی


جب ردا سر سے چھنی میں سدا دیتی رہی

تُو نہ آیا غازی


آگئی شامِ الم لٹ گئے اہلِ حرم

ریت پر جلتی ہوئی ہوگیا ٹھنڈا علم

پُرسہ دینے کیلئے مجھ سے ملنے کیلئے

آگئے بابا علی تُو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


دھوپ میں تُو تھا شجر تجھ سے آباد تھا گھر

ہے برہنہ میرا سر کیا نہیں تجھ کو خبر

اے علمدارِ وفا اس بہن کو باخدا

تجھ سے ڈھارس تھی بڑی تُو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


کیا کہوں شیر میرے بے ردا ہم کو لئے

یہ مسلماں سارے شہر در شہر گئے

خلقتِ شام کبھی خلقتِ کوفہ کبھی

بارہا ہم پہ ہنسی تُو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


کتنی بے بس تھی بہن اے شہنشاہِ وفا

نام لے لے کے میرا جب یہ ظالم نے کہا

ناز تھا جس پہ تجھے اب بُلائو نہ اُسے

اور میں روتی رہی تُو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


ہم کو پانی نہ ملے تیری خوشبو تو رہے

تیرے بازونہ کٹے چاہے مشکیزہ چھدے

یہ مگر ہو نہ سکا تیرے بازو ہیں جدا

مجھپے ہے تشنہ لبی تُو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


کیا سکینہ سے کہوں اے میرے دل کے سکوں

ہاے پانی کے لیے بہہ گیا سب تیرا خوں

اب کوئی آس نہیں تومیرے پاس نہیں

رسی شانوں میں بندھی تو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


جب چلی شہ پہ چھری ائے میرے شیر ِجری

ہا تھ ملتی تھی بہن کچھ قدم دور کھڑی

کٹ گیا شہ کا گلاہائےبھائی نے صدا

مجھکو ہر ضرب پہ دی تو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


قید خانے میں قضا جب سکینہ کو ملی

دے کے کُرتے کا کفن بچی دفنائی گئی

اُس گھڑی نام تیرا صورتِ نادِ علی

بس میں دُہراتی رہی تُو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔


رویا ریحان قلم کرکے یہ بات رقم

خون میں ڈوب گیا میرے غازی کا علم

زخمی زینب کا جگر خوں فشاں شاہ کا سر

آئے خیموں میں شقی تُو نہ آیا غازی

جب ردا سر سے۔۔۔