زندان میں سجاد بکا کرتے تھے رو کر
اے سکینہ میں تیری لاش اٹھاؤں کیسے
ان لعینوں سے کفن تجھکو دلاؤں کیسے
تیری مظلومی مجھے خون رلاتی ہے بہن
بن گیا خون بھرا کرتہ غریبی میں کفن
ہے بندھے ہاتھ تیری قبر بناؤں کیسے
اے سکینہ میں تیری۔۔۔
روز کرتی تھی بکا آؤ مدد کو بابا
سن کے فریاد تیری کوی نہیں آتا تھا
کیوں نہیں آیا کوی تجھکو بتاؤں کیسے
اے سکینہ میں تیری۔۔۔
اس غریبی میں تجھے ہاے قضا آی ہے
جکڑے زنجیروں میں اس وقت تیرا بھائی ہے
آخری بار کلیجے سے لگاؤں کیسے
اے سکینہ میں تیری۔۔۔
زخمی کانوں سے تیرے خوں ہے ابھی تک جاری
اماں بانو پہ اسی غم میں غشی ہے طاری
ماں کی نظروں سے تیرا لاشہ چھپاؤں کیسے
اے سکینہ میں تیری۔۔۔
طوق گردن میں میری تیرے گلے میں تھی رسن
میں چلا کانٹوں پہ اور تو چلی پنجوں پہ بہن
اے بہن میں تیرے زخموں کو بھلاؤں کیسے
اے سکینہ میں تیری۔۔۔
تو جو روتی تو دل میرا تڑپ جاتا تھا
رحم تجھ پر نہ کوئی اہل ستم کھاتا تھا
ان غموں کو میں کلیجے سے مٹاؤں کیسے
اے سکینہ میں تیری۔۔۔
بھای کے ہاتھوں پہ تھا لاشہ بہن کا مظہر
بین کرتے تھے حرم دیکھ کے غم کا منظر
نوحہ سجاد کا صفدر میں سناؤں کیسے
اے سکینہ میں تیری۔۔۔