جس وقت گرا زین سے ہم شکل پیمبر
شبیر کو زینب نے صدا دی یہ تڑپ کر
اکبر کے جنازے پہ مجھے لے چلو بھیا
ہم مل کے اٹھا لیں گے جواں لال کا لاشہ
اکبر کے جنازے پہ مجھے لے چلو بھیا
اٹھارہ برس والے کا سر گود میں لے کر
میں ناد علی پڑھتی رہوں گی اے برادر
تم سینۂ اکبر سے نکالو گے جو نیزہ
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔
جو زخم لگے ہیں وہ دکھاے گا نہ تم کو
شاید وہ تکلف میں بتاے گا نہ تم کو
میں ماں ہوں مگر مجھ سے چھپا ہی نہیں سکتا
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔
میں جانتی ہوں کیسے جواں ہوتے ہیں بیٹے
اور دیکھنے پڑ جایئں اگر ان کے جنازے
اب میں بھی سمجھ سکتی ہوں اولاد کا صدمہ
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔
آنے نہیں دوں گی میں کسی کو بھی وہاں پر
جی بھر کے گلے ملنا جواں لال سے جا کر
میں موت سے کہہ دوں گی زرا دیر ٹہر جا
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔
بابا میرے بابا کی صدا دے تو رہا ہے
آواز سے لگتا ہے بہت دور گرا ہے
لو ہاتھ میرا تھامو بہت دور ہے جانا
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔
اس کرب کی حالت سے نکالے گا تمہیں کون
وہ ایڑیاں رگڑے گا سنبھالے گا تمہیں کون
چادر سے بنالوں گی میں کچھ دیر کو پردہ
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔
ٹوٹی ہے کمر آپ کی اے میرے برادر
گر گر کے اٹھیں گے تو ہسینگے یہ ستمگر
میں آپ کو بننے تو نہیں دونگی تماشا
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔
روتی ہے کوئی بی بی مسلسل پس پردہ
جب سے ہے سنا میر تکلم تیرا نوحہ
بھای سے گلے مل کے بہن بولی دوبارہ
اکبر کے جنازے پہ۔۔۔