Kanz e Aza

علم سجائو کسی

A noha written by Mazhar Abidi. Lyrics in Urdu.

بچھا کے فرشِ اعزا فاطمہ کو یاد کرو

علم سجائو کسی بے ردا کو یاد کرو


سیاہ کپڑے بدن پر ہوں صرف اس غم میں

رُکیں نہ آنکھ سے آنسُو کبھی محرم میں

لباسِ حضرتِ زینُ العبا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


کبھی سبیل سے پانی پیئو تو یہ کہہ کر

میں تیری پیاس پہ قربان حسین کی دُختر

کبھی سکینہ کبھی باوفا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


گلے میں شالِ اعزا اور ہاتھ سینوں پر

علم اُٹھا کہ چلو یوں دھکتے شعلوں پر

جو بے کسو ں پہ ہوئی اُس جفا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


جھُلائو جھولا کسی بے زباں کا جب بھی

تو یاد کرنا ذرا بے کسی وہ بانو کی

کبھی رُباب کی آہ و بُقا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


غمِ حسین ملا ہے تمہیں مقدر سے

صدا حسین کے ماتم کی آئے گھر گھر سے

حسین حسین کرو کربلا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


وہ جس نے دین کی خاطر لُٹا دیا گھر کو

خدا کی راہ میں جس نے کٹا دیا سر کو

پڑھو نماز تو اُس بے خطا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


علم جو حضرتِ عباس کا اُٹھاتے ہیں

دلِ بتول سے لاکھوں دُعائیں پاتے ہیں

علم کے سائے میں آئو دُعا کو یاد کرا

علم سجائو کسی۔۔۔


کبھی یہ سوچ کے تم دیکھنا پھریرے کو

یہی تو زینبِ مضطر کی آس تھا لوگو

علم کو دیکھو تو اُس بے ردا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


بہن کے سامنے دولہا بنے کوئی بھائی

جو اپنے بھائی کا سہرا نہ دیکھنے پائی

اُسی غریب بہن کی صدا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


خدا ناخواستہ قسمت یہ دن جو دِکھلائے

کسی جوان کو جوانی میں موت آ جائے

تو تم شبیہہِ نبی کی قضا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔


جو قتل گاہ کو بالوں سے جھاڑ کر روئی

صدا ہے مظہر و عرفان یہ اُسی ماں کی

میری غریب میری بے خطا کو یاد کرو

علم سجائو کسی۔۔۔