Kanz e Aza

روایتِ مختار

A noha written by Mir Takallum. Lyrics in Urdu.

اے رونے والوں ہے یہ روایات میں لکھا

جس دم قیام کوفے میں مختار نے کیا

جو بھی تھے قاتلان شہیدانِ کربلا

ارے ان میں سے کوئی جب بھی گرفتار ہوتا تھا

حکم امیر پر وہ ستم جب سناتا تھا

مختار سر کو پیٹ کے بس روتا جاتا تھا


اک روز تھا یہ کوفے کے دربار کا سماں

ابنِ نمیر اپنے ستم کرتا تھا بیاں

توڑی تھی میں نے سینۂ اکبر میں خود سناں

اٹھتا تھا شور خیموں سے مارا گیا جواں

ماں جیتے جی گزر گیء زینب بھی مر گیء

اک برچھی میری کتنے جگر پار کر گیء


اک روز کرکرے لایا گیا حرملہ اسیر

بولا وہ رن میں میں نے چلاے تھے تین تیر

اس وقت پہلا تیر چلایا تھا اے امیر

بھر کر چلا جو مشک تو مظلوم کا سفیر

مشکیزے سے جو تیر میرا پار ہو گیا

ایسا لگا کہ قتل علمدار ہو گیا


بولا لعیں یہ کربلا کا ہے دوسرا مقام

لاے جو اپنی گود میں بے شیر کو امام

سوکھی زباں پھراتا تھا ہونٹوں پہ تشنہ کام

یوں قطع ابنِ زہرا کا میں نے کیا کلام

ہل ہل گیا لحد میں جگر بوتراب کا

ارے مقتل میں نہر ہو گیا بچہ رباب کا


دربار میں یہ سن کے قیامت کا تھا سماں

ارے پیر و جوان روتے تھے لے لے کے ہچکیاں

بولا یہ حرملہ ابھی باقی ہے داستاں

جس دم تیرا حسین تھا تیروں کے درمیاں

وہ تیر آخری تھا جو میں نے چلایا تھا

ارے اس تیر نے حسین کو زیں سے گرایا تھا


پھر شور وا حسینا کا اٹھتا تھا بار بار

جب قید کر کے لایا گیا شمر بد شعار

بولا وہ میرے ہاتھ میں خنجر تھا تیز دھار

جس سے کےء حسین کی گردن پہ تیرہ وار

خنجر رواں تھا حلق پہ ابنِ بتول کے

دل کٹ رہے تھے ساتھ میں آل رسول کے


اب اس کے بعد میر تکلم بیاں ہو کیا

اے پرسہ داروں سوچنا دل میں کبھی زرا

کیوں اتنا وقت قاتل شبیر کو لگا

کس واسطے حسین کا کٹتا نہ تھا گلا

محشر میں یہ کھلے گا ستم کاینات پر

خنجر کے کچھ نشان ہے زہرا کے ہاتھ پر