Kanz e Aza

دین احمد کی بقا

A noha written by Rasheed Shaheedi. Lyrics in Urdu.

دین احمد کی بقا ہے کربلا

سجدہ گاہ انبیاء ہے کربلا


ظلم کی آندھی میں حق کی جستجو

تشنگی کرتی ہے زخموں سے وضو

صبر کے بند کی رب سے گفتگو

حشر تک حق کی صدا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


ان فضاؤں میں ہے اکبر کی اذاں

کربلا حق کا ہے ایسا کارواں

آج تک قیام ہے جس کا پاسباں

نور کا ایک سلسلہ ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


تشنگی کے خوں کی تحریر ہے

کربلا قرآن کی تفسیر ہے

کربلا اسلام کی تقدیر ہے

حق کا ایک روشن دیا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


کربلا احساس کی پہچان ہے

کربلا کا دین پر احسان ہے

کربلا ہے حر سے عالیشان ہے

فکر کی حد سے سوا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


دل ہے کربل مطمئن اہلِ یقیں

اس سے بہتر سر زمیں کوی نہیں

جھکتی ہے یاں آسمانوں کی جبیں

ہر بلندی کا پتہ ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


فخر جب کعبے کی دھرتی نے کیا

دفعتاً یہ عرش سے آی صدا

ہے کہاں تجھ میں بھلا خاک شفا

تجھ سے رتبے میں سوا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


ہے کہاں اس خاک کا نیمل بدل

پیاس کی دھرتی پہ اشکوں کا محل

کربلا حیا علی خیر العمل

بندگی کی انتہا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


کربلا کا غم نظر کی پیاس ہے

کربلا احساس ہی احساس ہے

کربلا ٹوٹے دلوں کی آس ہے

زندگی کا حوصلہ ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


تھا کہیں نوشاہ کا ٹکڑے بدن

آسماں تھا بکھرے لاشے کا کفن

بے ردا تھی چاند لمحوں کی دلہن

کعبہء صبر و رضا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


دشت میں میت ہے شہ کی بیکفن

چھن گیء چادر ہے بازو میں رسن

کیا کرے عباس کی بیکفن بہن

صبر کا ایک معرکہ ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


ہے غم سرور شعار انبیاء

یہ سلیقہ بنت زہرا کی عطا

خاک پہ ہوتا ہے ذکرِ کربلا

ٹوٹے دل کا آسرا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


بیکفن لاشے مقتل میں پڑے

ایک رسن بارہ اسیروں کے گلے

قافلہ پیاسا ہے زخمی راستے

ہمت زین العبا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


آگ دامن میں سکینہ کے لگی

تازیانے شمر کے کھاتی رہی

جلتے زخموں نے بڑھای تشنگی

پیاس کا اک معجزہ ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


یوں ملا پرسہ یتیمی کو یہاں

گال پر ابھرے طمانچوں کے نشاں

کان زخمی ہے کہاں ہیں بالیاں

ایک مسلسل مرثیہ ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔


مجلس شبیر ہوتی ہے جہاں

فاطمہ تشریف لاتی ہے وہاں

اے رشید ایسی عبادت ہے کہاں

ہاں مقدر کی عطا ہے کربلا

دین احمد کی بقا۔۔۔