اونچا رہے اپنا علم
جب تک ہے دورِ آسماں
سُن لیں یہ ہر پیر و جواں
آواز پر شبیر کی بڑھتا رہے یہ کارواں
رُکنے نہ پائے ایک قدم
اونچا رہے ۔۔۔
ہر قلب پر چھاتے چلو
دُنیا کو بتلاتے چلو
اک اک محاذِ ظُلم کی تصویر دکھلاتے چلو
ہر دل میں بھر دو شِہ کا غم
اونچا رہے ۔۔۔
کب تک نہ مانیں گا کوئی
وہ وقت آئے گا کبھی
ہر قلب پر چھا جائیگا اپنا حُسین ابنِ علی
اس در پہ ہر سر ہو گا خم
اونچا رہے ۔۔۔
جب بھی کوئی مُشکل پڑی
دُنیا اسی در پر جھُکی
سینوں سے بل کھا کر ادھراُٹھی صدائے یا علی
نکلا اُدھر باطل کا دم
اونچا رہے ۔۔۔
یہ پرچمِ عباس ہے
ٹوٹے دلوں کی آس ہے
اب تک اسی پرچم تلے زندہ کسی کی پیاس ہے
جس نے سہے لاکھوں ستم
اونچا رہے ۔۔۔
عباس ہے نامِ وفا
آغاز و انجامِ وفا
مُنہ موڑ کہ دریا سے جو پیتا رہا جامِ وفا
ہوتے رہے بازو قلم
اونچا رہے ۔۔۔
وہ تیرِ بانیئے جفا
معصوم کا ننھا گلا
اسلام زندہ کر گئی اصغر کے مرنے کی ادا
اونچا رہے ۔۔۔
زندہ ہے ھل مِن کی صدا
مٹتا نہیں خوں کا لکھا
شبیر کے حق کی قسم اک معجزہ ئے کربلا
جو سلسلہ ہو گا نہ کم
اونچا رہے ۔۔۔
اے نوجوانانِ اعزائ
تم ہو کسی دل کی دعا
تا حشر اُٹھتی ہی رہے سینوں سے ماتم کی صدا
قائم رہے اکبر کا غم
اونچا رہے ۔۔۔
جب کربلا یاد آئے گی
انسانیت شرمائے گی
مظلوم کی آواز ہے دل میں اُترتی جائے گی
پلٹیں گے پھر بہکے قدم
اونچا رہے ۔۔۔
زندہ یہ بیداری رہے
یہ سلسلہ جاری رہے
ہم ہوں نہ ہوں اس بزم میں قائم اعزاداری رہے
نکلے اسی چوکھٹ پہ دم
اونچا رہے ۔۔۔