Kanz e Aza

یا رب بہ حق

A noha written by Mazhar Abidi. Lyrics in Urdu.

یا رب المشرقین یا رب المغربین

یا رب بہ حق زہرا توفیق یہ عطا ہو

مرنے سے پہلے یا رب دیدار کربلا ہو


جو ارض کربلا ہے ہر ارض سے سوا ہے

اس خاک کربلا میں شہ کا لہو ملا ہے

ہر لا دوا مرض کی یہ خاک ہی دوا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


میں بھی تو ماتمی ہوں ذاکر ہوں کربلا کا

نوحہ پڑھا ہے میں نے ہمشکل مصطفیٰ کا

اس ذاکری کا میری قسمت میں یہ صلہ ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


یا رب نماز شب میں بس یہ دعا کروں میں

کچھ دیر اس زمیں پر مجلس بپا کروں میں

ہر ماتمی کے لب پر ہر دم یہی دعا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


مظلومیت پہ جس کے روتا ہے یہ زمانہ

اس بے خطا کے در پر اک بار تو ہے جانا

جو قرض ہے لہو پر وہ اس طرح ادا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


وہ سر زمیں جہاں پر گونجی اذان اکبر

تسبیح آنسوؤں کی پڑھنی ہے اس زمیں پر

اک سجدۂ عقیدت اس خاک پر عطا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


قربان ہوگیا جو کلثوم کی دعا پر

روضہ میں اسکا دیکھوں وہ مر گیا وفا پر

گر یہ شرف بھی میری تقدیر میں لکھا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


ننھی سی جس لحد میں سوتے ہیں اب بھی اصغر

اس پر چڑھاونگا میں پھولوں کی ایک چادر

پرسہ وہاں ہو ایسا پہلے نہیں ہوا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


صبحِ دہم فلک سے برسا لہو جہاں پر

ابنِ حسن کا لاشہ تھا چار سو جہاں پر

اعضاوں کی جگہ پر فرش عزا بچھا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


حر عون اور محمد بے سر جہاں ہوئے تھے

انصار و اقربا کے بکھرے جہاں تھے لاشے

پرسہ وہاں میں دونگا گر روح فاطمہ ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


سجدہ جہاں کیا تھا مظلوم کربلا نے

جھاڑا تھا جس زمیں کو بالوں سے سیدہ نے

جب میں وہاں پہ جاؤں ہونٹوں پہ دم رکا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


جس خاک کی فضیلت کعبے سے بھی سوا ہے

سجدہ ہر ایک نبی نے جس خاک پر کیا ہے

سجدہ وہاں کروں میں زہرا کی گر عطا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔


فرحان لفظ میرے دیتے ہیں یہ صدایں

ہر مجلس عزا میں کرتا ہوں یہ دعائیں

بس مظہر عابدی پر یہ آخری عطا ہو

مرنے سے پہلے یا رب۔۔۔

یا رب بہ حق زہرا۔۔۔