Kanz e Aza

اے حر ہٹو جوان

A noha written by Ainee Rizvi. Lyrics in Urdu.

وقت آخر حر کے جو بیٹے نے دی صدا

دوڑے حسین حر سے بھی پہلے بصد بکا

جس دم جوان لاش اٹھانے کو حر بڑھا

کاندھے پہ رکھ کے ہاتھ یہ شبیر نے کہا


اے حر ہٹو جوان کا لاشہ نہ اٹھاؤ

ہم لے کے لاش آتے ہیں تم خیمے میں جاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


اندھیر یہ کیا دشت میں تم کرتے ہو بھائی

کب کس نے جواں بیٹے کی میت ہے اٹھای

بس پیار کرو بیٹے کو سینے سے لگاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


دم توڑ گیا سامنے نظروں کے جواں لال

تیرے دل ملول کا ہم کو پتہ ہے حال

منہ سے نہ کہو درد جگر لاکھ چھپاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


ہوتا ہے جواں لال ضعیفی کا سہارا

اس لال کے مر جانے نے ہم سب کو ہے مارا

پرسے کے لئے آتے ہیں ہم فرش بچھاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


میں خوب جانتا ہوں جگر چاک چاک ہے

اب تیری زندگانی دنیا پہ خاک ہے

مت بین کرو لاشے پہ مت خاک اڑاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


اپنا شریک غم مجھے سمجھو اے پر ملال

نصرت کے لئے آیا ہے یہ فاطمہ کا لال

پھر کیا مجال بیٹے کی تم لاش اٹھاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


لاشہ جوان بیٹے کا کیسے اٹھاؤ گے

مجھکو خبر ہے دیر تلک جی نہ پاؤ گے

مقتل میں کھڑے ہوکے نہ یوں آشک بہاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


مقتل کا کچھ ہی دیر میں منظر بدل گیا

اک باپ پھر جوان کے لاشے پہ ہے کھڑا

اور بے بسی یہ کہتی رہی آشک بہاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


حر کے جوان بیٹے کو شہ نے اٹھایا تھا

اکبر کی لاش کون اٹھاے گا اے خدا

اے شاہ نجف شہ کی مدد کرنے کو آؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔


عینی کلیجہ دیکھنے والوں کا پھٹ گیا

عامر ضعیف باپ نے لاشہ اٹھا لیا

کہتا رہا جو حر سے کہ نہ لاش اٹھاؤ

اے حر ہٹو جوان کا۔۔۔