Kanz e Aza

عینا عینا اے علی

A noha written by Anees. Lyrics in Urdu.

عینا عینا اے علی اکبر

کہاں ہو اے علی اکبر


کیوں رحم کھاؤ باپ ہے حد درجہ سوگوار

قاسم نہ عون اور نہ عباس ذی وقار

ڈھونڈوں کہاں پہ آتا نہیں کچھ مجھے نظر

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔


بیٹا یہ تیرا باپ ہے اس وقت زندہ لاش

آنکھوں کا نور بھی نہیں کیسے کروں تلاش

خم ہے تیرے چچا کے الم سے میری کمر

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔


لاشوں سے رن میں ٹھوکریں کھاتا ہوں بار بار

قابو نہیں ہے دل پہ نہ اعضاء پہ اختیار

قاسم کے غم نے کر دیےء ٹکڑے دل و جگر

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔


تیری پھپھی نکل نہ پڑے خیمہ گاہ سے

اٹھارہ سال پالا ہے اس نے تو چاہ سے

لے جاؤں تم کو اسکے میں آنے سے پیش تر

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔


جب سے سنی ہے تیری صدا ماں ہے بیقرار

سینے کو پکڑے پوچھتی ہے مجھ سے بار بار

کس نے کیا سلام یہ رن سے پکار کر

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔


مشکل کشا کے پوتے ہو مشکل کا وقت ہے

پہنچو مدد کو باپ پہ منزل یہ سخت ہے

اک بار پھر پکارو تو آ جاے یہ پدر

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔


خط آیا ہے وطن سے بہن کا اسے پڑو

اٹھ کر جواب فاطمہ صغرا کو کچھ لکھو

تیار واپسی پہ ہے صغریٰ کا نامور

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔


اس حال کا انیس کرے کس طرح بیاں

جس طرح شاہ ڈھونڈتے تھے اپنا نوجواں

مقتل کی خاک آج بھی ہے غم میں نوحہ گر

عینا عینا اے علی اکبر۔۔۔